سندھ

بھوک و افلاس امن اور اقوامِ عالم کے درمیان ہم آہنگی کے لئے سب سے بڑا خطرہ ہیں، بلاول بھٹو زرداری

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھوک و افلاس امن اور اقوامِ عالم کے درمیان ہم آہنگی کے لئے سب سے بڑا خطرہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی پارٹی نے پاکستان میں غربت کے خاتمے کے لئے انقلابی اقدامات متعارف کرائے ہیں۔ غربت کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اپنی عوام کی خاطر پرامن، خوشحال اور ترقی پسند پاکستان کے ویژن کے لئے سرگرم عمل ہے، تاکہ اسے شہید بینظیر بھٹو کے فلسفے کہ آزادی اختتام نہیں بلکہ ایک شروعات ہے کے تحت افلاس اور بے کسی کی حالت سے نجات دلائیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے نشاندہی کرتے ہوِئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے غربت کے خاتمے کے لئے 2009-10ء کے دوران بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا آغاز کیا اور سوشل پروٹیکشن نیٹ کے قیام کے ذریعے پسماندہ و محروم طبقات خصوصا خواتین کا معیارِ زندگی بہتر بنایا، صدر آصف علی زرداری کے زیرِقیادت عوامی وفاقی حکومت نے 40 ارب روپے سے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا آغاز کیا، جو اب بڑھ کر 125 ارب تک پہنچ چکا ہے۔

پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ سندھ میں عوامی حکومت نے غیرمنافع بخش غیر سرکاری تنظیموں کے اشتراک سے یونین کاونسل سطح پرغربت کے خاتمے کا پروگرام (UCBPRP) کیا، جس کے تحت مختلف اضلاع میں خواتین کو بلاسود آسان قرضے فراہم کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مذکورہ پروگرام کے تحت 6 لاکھ سے زائد خاندان غربت کی سطح سے اوپر آگئے ہیں اور وہ چھوٹے چھوٹے کاروبار کے ذریعے آمدنی حاصل کررہے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ غربت کا خاتمہ پاکستان پیپلز پارٹی کی ترجیحات میں شامل رہے گا اور UCBPRP جیسی اس کی غریب دوست پالیسی کو سندھ کے دیگر اضلاع تک پھیلایا جائیگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب پاکستان پیپلز پارٹی دیگر صوبوں میں اقتدار میں آئے گی تو اسی طرح کے پروگرامز وہاں بھی شروع کئے جائیں گے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close