کراچی میں 20 دن میں بجلی کا چوتھا بڑا بریک ڈاؤن
کراچی: کے الیکٹرک کی ہائی ٹینشن لائن ٹرپ کرنے کے باعث بجلی سے محروم ہونے والے شہر کے بیشتر علاقوں میں بجلی بحال ہو گئی ہے۔ یہ کراچی میں 20 دن میں بجلی کا چوتھا بڑا بریک ڈاون تھا، آدھے سے زیادہ شہر پھر بجلی سے محروم رہا، شہری بھری دوپہر میں چار گھنٹے تک بجلی کے انتظار میں تپتے سلگتے رہے۔
نیشنل گرڈ سے منسلک پیپری، نارتھ ناظم آباد، نارتھ کراچی، ناظم آباد، سرجانی، کلفٹن لالا زار،گذری، گارڈن، جیکب لائن اور ایلنڈر روڈ کے گرڈ اسٹیشن بھی ٹرپ کرگئے تھے جس سے شہر کے 70 فیصد حصے میں بجلی منقطع ہوئی۔
گرڈ اسٹیشنز بند ہونے سے نارتھ کراچی، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، سرجانی، نیو کراچی انڈسٹریل ایریا، نصرت بھٹو کالونی اور بفرزون میں بھی بجلی کی فراہمی معطل ہوئی۔
اس کے علاوہ لیاقت آباد سی ون ایریا، کورنگی، بورڈ آفس، پہاڑ گنج، یوسف گوٹھ، سندھی ہوٹل، پاورہاؤس چورنگی، ڈیفنس، پی آئی بی کالونی، قائد آباد،گلشن اقبال،گلستان جوہر، محمودآباد، اختر کالونی، کشمیر کالونی، کلفٹن، آئی آئی چندریگر روڈ، کھارار اور صدر سمیت اولڈ سٹی ایریا کے علاقے بھی بجلی سے محروم ہوگئے۔
ترجمان کے الیکٹرک کا مؤقف
ترجمان کے الیکٹرک عادل مرتضیٰ نے اس حوالے سے بتایا کہ نیشنل گرڈ کی لائن ٹرپ ہونے سے 500 کے وی کی سپلائی منقطع ہوا اور اچانک سپلائی معطل ہونے سے مقامی سرکٹس میں ٹرپنگ آئی۔
انہوں نے کہاکہ ٹرپنگ کے بعد کے الیکٹرک بلاتاخیر اپنے آئی لینڈ موڈ ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے متاثرہ علاقوں میں بجلی کی بحالی کا عمل شروع کیا اور کئی علاقوں میں بجلی بحال کی جاچکی ہے۔