کراچی: انسداد دہشت گردی کی عدالت نے اشتعال انگیز تقریر کے 21 مقدمات میں فاروق ستار سمیت ایم کیوایم کے دیگر رہنماؤں پر فرد جرم عائد کردی۔ کراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں اشتعال انگیز تقریر کے 26 مقدمات کی سماعت ہوئی اور اس سلسلے میں ایم کیوایم کے رہنما فاروق ستار، عامر خان، خواجہ اظہار، میئر کراچی وسیم اختر، رؤف صدیقی، قمر منصور اور ریحان ہاشمی عدالت میں پیش ہوئے۔
21 مقدمات میں فرد جرم عائد کرتے وقت عدالت نے استفسار کیا کہ ملزمان پر 25 جولائی کو ہونے والی اشتعال انگیز تقریر میں سہولت کاری کا الزام ہے، کیا یہ جرم قبول ہے؟ عدالت کے استفسار پر فاروق ستار اور وسیم اختر سمیت دیگر نے صحت جرم سے انکار کردیا جس پر عدالت نے آئندہ سماعت پر گواہان کو طلب کرلیا۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 10 نومبر تک ملتوی کردی جب کہ آئندہ سماعت پر مزید 4 مقدمات میں فرد جرم عائد کی جائے گی۔