کراچی: ایم کیو ایم رہنما فاروق ستارنے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اپنے گھوڑے کو قابو کریں گھوڑا بگڑ گیا ہے، ایم کیو ایم ضمنی نشستوں پر بھی ہار گئی، عامر خان اور کنور نوید میری بات مانتے تو ایسا نہیں ہوتا۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان گھوڑے کو قابو کریں گھوڑا بگڑ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گھوڑے نے اپنے ہی سوار کو اچھال دیا تو سوار پر گھوڑا سوار ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو سیاسی بحران سے نمٹنے کے لئے اقدامات کرنے چاہئیں، ان کی حد سے زیادہ خود اعتمادی کے سبب اقدامات گلے پڑ رہے ہیں، حکومت نے گیس، تیل، بجلی کے نرخوں میں اضافہ کردیا ہے جبکہ غریب لوگوں کو ریلیف ملنا چاہیئے۔ فاروق ستار نے کہا کہ معیشت کی بحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکے گا، میں وزیراعظم عمران خان سے ملوں گا، انہیں سمجھانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم ضمنی نشستوں پر بھی ہار گئی، عامر خان اور کنور نوید میری بات مانتے تو ایسا نہیں ہوتا، اے پی سی کے احتجاج میں مجھے روکا گیا تھا جبکہ کنور نوید نے خود اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ احتجاج میں نہ جاکر غلطی کی ہے، ہم بھی احتجاج میں جاتے تو اپنی نشست جیت جاتے۔ اس کے علاوہ انہوں نے بتایا کہ کنور نوید نے تسلیم کیا ہے کہ ضمنی الیکشن میں ہمیں ہرایا گیا ہے، تاہم کہہ دینے سے کوئی رہنما نہیں بن جاتا۔