ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کا ایم کیو ایم چھوڑنے کا اعلان
کراچی:ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے متحدہ قومی موومنٹ چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہےکہ میں وضاحتیں دے دے کر تھک گیا ہوں، میں ذاتی طور پر بھی بہت پریشان ہوں میرے پاس الفاظ نہیں کہ میں کیا بیان دوں اور کیا کہوں اس لیے آج سے پارٹی اور سیاست چھوڑ رہا ہوں۔
یہ بات انہوں نے پروگرام آف دی ریکارڈ میں میزبان کاشف عباسی سے بات کرتے ہوئے کہی۔ پروگرام میں پیپلز پارٹی کی جانب سے شازیہ مری اور متحدہ کے کنویئنر ندیم نصرت بھی ٹیلی فونک رابطے کے ذریعے موجود تھے۔
عامر لیاقت حسین نے کہا کہ الطاف بھائی جب اپنے لفظوں پر قابو نہیں پاسکتے اور بار بار معافی مانگتے ہیں تو انہیں خو دبھی پارٹی سے کنارہ کشی اختیار کرنی چاہیے اور تقریر کے بجائے کتاب لکھنی چاہیے۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اگر ایم کیو ایم نے الطاف حسین کو سائیڈ لائن لگانے کا اعلان کردیا ہے اور بعد میں الطاف بھائی دوبارہ واپس آنا چاہیں تو انہیں واپس نہیں لینا چاہیے ایم کیو ایم کو اپنے فیصلے پرقائم رہنا چاہیے۔