سرکاری کوارٹروں کے مکینوں پر پولیس تشدد قابل مذمت، مسئلہ کا مستقل حل نکالا جائے، حافظ نعیم الرحمن
کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے پولیس کی جانب سے پاکستان کوارٹرز کے مکینوں کو بے دخل کرنے کی کوشش اور مرد و خواتین مکینوں پر پولیس کے لاٹھی چارج اور تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے تمام گرفتار شدگان کی فی الفور رہائی اور زخمیوں کا سرکاری خرچ پر علاج کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ سرکاری کوارٹروں کے ہزاروں مکینوں کے اس دیرینہ مسئلے کو وقتی طور پر ٹالنے کے بجائے مستقل بنیادوں پر حل کیا جائے اور مکینوں کو مالکانہ حقوق دیئے جائیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم دونوں نے انتخابات سے قبل سرکاری کوارٹروں کے مکینوں کے مسئلے کے حل کا وعدہ کیا تھا، اب یہ دونوں جماعتیں وفاق میں حکمران ہیں ان کی ذمہ داری ہے کہ اس مسئلے کو مسلسل نظرانداز کرنے کے بجائے اب حل کیا جائے
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان 50 لاکھ گھروں کی فراہمی کے منصوبے میں کراچی کے سرکاری کوارٹروں کے مکینوں کو بھی شامل کریں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی سرکاری کوارٹروں کے مکینوں کے ساتھ ہے اور ان سے بھرپور اظہار یکجہتی کرتی ہے، جماعت اسلامی نے مسئلے کے حل کے لئے ہمیشہ آواز اُٹھائی ہے اور آئندہ بھی ہم اس حوالے سے کوششیں جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی جانب سے پُرتشدد کاروائیاں کسی طرح بھی مناسب نہیں، پر امن مکینوں پر لاٹھی چارج کرنے، تشدد کرنے اور فائرنگ کرنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف کاروائی کی جائے۔