سندھ

پاکستان کوارٹر کشیدگی، صورتحال کی ذمہ دار وفاقی حکومت اور متحدہ بہادر آباد ہے، آفاق احمد

کراچی: مہاجر قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین آفاق احمد نے پاکستان کوارٹر میں پولیس کی وحشیانہ شیلنگ، لاٹھی چارج اور فائرنگ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بانیان پاکستان کی اولادوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑ کر وفاقی حکومت نے اپنے تعصب کو بے نقاب کردیا ہے، سپریم کورٹ کے احکامات کو اس لئے جواز نہیں مانا جاسکتا کیونکہ سپریم کورٹ میں ابھی تک متاثرین پاکستان کوارٹر، جمشید کوارٹر، ایف سی ایریا اور پٹیل پاڑہ کے مکینوں کو سنا ہی نہیں گیا۔

اپنے مذمتی بیان میں آفاق احمد نے کہا کہ اس پوری افسوسناک اور اشتعال انگیز صورتحال کی ذمہ دار وفاقی حکومت اور متحدہ بہادر آباد ہے، متحدہ بہادر آباد والے ان علاقوں کی زمینوں سے اپنا حصہ وصول کرنے کیلئے وفاقی حکومت سے ساز باز کرچکے ہیں۔

آفاق احمد کا کہنا تھا کہ ہونا تو یہ چاہیئے تھا کہ یہ لوگ اب تک بطور احتجاج حکومت سے علیحدگی اختیار کرلیتے لیکن چونکہ اس زمین کی بندر بانٹ کی سازش میں متحدہ بہادر آباد خود حصہ دار ہیں، اس لئے یہ لوگ اب تک حکومت کے مزے لوٹ رہے ہیں۔ آفاق احمد نے کہا کہ کہ کراچی کے باون فیصد پر قائم کچی آبادیوں کی بجائے مستقل اور قانونی آبادیوں کی مسماری کی کوشش بدترین تعصب ہے، کراچی میں جن لوگوں نے تحریک انصاف کو ووٹ دینے کا گناہ کیا اب انکی آنکھیں کھل جانی چاہیئے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close