سندھ

پاکستان کوارٹرز کے متاثرین کیلئے ایم کیو ایم سوائے مگر مچھ کے آنسو بنانے کے کچھ نہیں کررہی، سلیم حیدر

کراچی: مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کراچی میں پاکستان کوارٹرز کو خالی کرانے کیلئے پولیس کی وحشیانہ فائرنگ اور شیلنگ کے نتیجے میں جانی و مالی نقصان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت مہاجر دشمن ثابت ہوئی ہے، ایک طرف وزیراعظم گھر بناکر دینے کی بات کرتے ہیں تو دوسری طرف پاکستان کوارٹر میں 70 سال سے آباد ہزاروں مہاجروں کو بے گھر کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جو ظلم کی انتہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کوارٹرز میں بسنے والے مہاجروں کو صرف کراچی کے باشندے ہونے کی سزا دی جارہی ہے جبکہ سندھ بھر سے راتوں رات لاکر کراچی میں کچی بستیاں بنانے والوں کی غیر قانونی بستیوں کو بھی مستقل کردیا گیا ہے، حکومت پاکستان کوارٹر ز میں آباد لوگوں کو بھی کچی آبادی کا مکین سمجھ کر انہیں مستقل کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کوارٹرز کے متاثرین کی بات کرنے والے ایم کیو ایم بہادرآباد کے ذمہ داران بھی سوائے مگر مچھ کے آنسو بنانے کے کچھ نہیں کررہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ٹولہ ہمیشہ ہی اس طرح کی منافقت کرتا رہا ہے جبکہ یہ 30 سال تک برسراقتدار رہے اور اب بھی اقتدار کا حصہ ہیں لیکن کبھی اس مفاد پرست ٹولے نے پاکستان کوارٹرز سمیت کراچی میں رہنے والے مہاجروں کی آبادکاری اور اُن کے مسائل کے حل کی کوشش نہیں کی، اب جبکہ یہ عمران خان کی گود میں بیٹھے ہوئے ہیں تو ایسے وقت میں بھی سوائے متاثرین کو بیوقوف بنانے کے کچھ نہیں کیا جارہا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر یہ ٹولہ عمران خان سے اس حقیقی مسئلے پر بھی اپنی بات نہیں منوا سکتا تو پھر اقتدار میں بیٹھ کر مالی وسائل لوٹنے کا کیا فائدہ۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ چائنا کٹنگ کے بانی ہیں وہی پاکستان کوارٹرز کے متاثرین کے حقیقی مسئلے پر سیاست کریں، اب جبکہ حکومت اور اس کے اتحادی کچھ کرنے کو تیار نہیں، ایسے میں ہم آرمی چیف اور چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کریں گے کہ وہ پاکستان کوارٹر میں آباد ہزاروں مہاجروں کے دیرینہ مسئلے کو حل کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close