فاروق ستار کا متحدہ کو تنظیمی بحران سے نکالنے کیلئے 22 رکنی کمیٹی کا اعلان
کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے پارٹی کو تنظیمی بحران سے نکالنے کیلئے 22 رکنی کمیٹی کا اعلان کردیا۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ اولین مقصد 1986 جیسی ایم کیو ایم کو بحال کرنا ہے اور جماعت کو انٹرا پارٹی الیکشن کے ذریعے ہی مسائل سے نکالا جاسکتا ہے۔
انہوں نے پارٹی کو تنظیمی بحران سے نکالنے کیلئے 22 رکنی کمیٹی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ او آر سی میں مزید نام شامل کیے جائیں گے۔
فاروق ستار کا کہنا تھا کہ مجھے معلوم ہے بہادر آباد والے تاویلیں دیں گے لیکن بہادر آباد والوں کے جواب بھی میں ابھی دینا چاہتا ہوں، خالد مقبول نے کہا کہ پارٹی میں آمریت ختم ہوگئی لیکن 15 جون کو میری واپسی کے بعد بھی پوری رابطہ کمیٹی سے مشاورت نہیں کی جاتی تھی اور رابطہ کمیٹی میں چند افراد کی اجارہ داری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امیدواروں کو ٹکٹ جاری کرتے ہوئے قواعد کی دھجیاں اڑائی گئیں اور پیسے والے خاندانوں کو پارٹی ٹکٹ دیئے گئے، چند افراد ایم کیوایم پر قابض ہیں جو خود کسی قابل نہیں۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر فاروق ستار پارٹی کے فیصلوں میں شامل نہ کیے جانے پر رابطہ کمیـٹی سے مستعفی ہوچکےہیں جب کہ عام انتخابات میں شکست کے بعد ضمنی الیکشن میں پارٹی ٹکٹ نہ دیئے جانے پر وہ دلبرداشتہ ہیں اور انہوں نے ایم کیوایم کو نظریاتی جماعت بنانے کا بھی اعلان کیا تھا۔
اس کے علاوہ فاروق ستار یہ دعویٰ بھی کرچکے ہیں کہ انہیں پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کی پیشکش ہوئی۔