Featuredسندھ

چیف جسٹس کے حکم پر شاہ رخ جتوئی لانڈھی جیل سے ڈیتھ سیل منتقل

کراچی: چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار کے حکم پر لانڈھی جیل انتظامیہ نے شاہ  زیب قتل کیس کے مجرم شاہ رخ جتوئی کو سینٹرل جیل کے ڈیتھ سیل منتقل کردیا۔ چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے لانڈھی جیل کا دورہ کرکے انتظامات کا جائزہ لیا جب کہ چیف جسٹس نے قیدیوں کے مسائل بھی سنے۔

جسٹس ثاقب نثار کی جیل آمد پر جیل انتظامیہ نے چیف جسٹس کے ساتھ موجود میڈیا نمائندگان کو اندر جانے سے روک دیا۔

چیف جسٹس نے جیل میں قید شاہ زیب قتل کیس کے مجرم شاہ رخ جتوئی کے کمرے کا بھی دورہ کیا اور مجرم کو سی کلاس میں میسر آسائشیں دیکھ کر جیل انتظامیہ پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ قتل کیس کےمجرم کو جیل میں اتنی سہولت کس بنا پرفراہم کی جارہی ہے۔

چیف جسٹس نے شاہ رخ جتوئی کو فوری ڈیتھ سیل منتقل کرنے کے احکامات دیئے اور اس حوالے سے آئی جی جیل خانہ جات سے رپورٹ بھی طلب کرلی۔

شاہ رخ جتوئی ڈیتھ سیل منتقل

چیف جسٹس کی ہدایت کے بعد شاہ زیب کے قاتل شاہ رخ جتوئی کو ملیر جیل سے کراچی سینٹرل جیل منتقل کرکے کال کوٹھڑی میں ڈال دیا گیا۔

قائم مقام آئی جی جیل خانہ جات قاضی نذیر حکم پر عمل درآمد رپورٹ لے کر سپریم کورٹ پہنچے ہیں جس کے مطابق مجرم شاہ رخ جتوئی کو ملیر سے سینٹرل جیل منتقل کر دیا گیا اور اسے سینٹرل جیل کی کال کوٹھڑی میں ڈال دیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق چیف جسٹس کی ہدایت پر جیل سپر نٹنڈنٹ ملیر کو معطل کرکے تحقیقات شروع کردی گئیں ہیں۔

قبل ازیں عدالت کے باہر میڈیا کے سوالات کے جواب میں آئی جی جیل قاضی نذیر نے کہا کہ مجھے عدالت نے فوری لانڈھی جیل کا دورہ کرنے کی ہدایت کی ہے، ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کروں گا۔

لانڈھی جیل میں منی لانڈرنگ کیس کے اہم ملزم طحہ رضا، انور مجید اور حسین لوائی بھی قید ہیں۔

شاہ زیب قتل کیس کا پس منظر

واضح رہے کہ 20 سالہ نوجوان شاہ زیب خان کو دسمبر 2012 میں ڈیفنس کے علاقے میں شاہ رخ جتوئی اور اس کے دوستوں نے معمولی جھگڑے کے دوران گولیاں مار کر قتل کر دیا تھا۔

کراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے جون 2013 میں اس مقدمہ قتل کے مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی اور نواب سراج علی تالپور کو سزائے موت اور دیگر ملزمان بشمول گھریلو ملازم غلام مرتضٰی لاشاری اور سجاد علی تالپور کو عمر قید کی سزا سنائی تھی۔

سندھ ہائیکورٹ نے شاہ رخ جتوئی کی سزائے موت کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر ضمانت پر رہا کیا تھا تاہم سپریم کورٹ نے سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کرکے مجرم کی دوبارہ گرفتاری کا حکم دیا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close