کراچی اور حیدرآباد سے ایم کیو ایم کے میئر و ڈپٹی میئر کامیاب، غیرسرکاری نتیجہ
کراچی: سندھ بھر میں میئر و ڈپٹی میئر اور چیرمین و وائس چیرمین کے انتخابات کے لئے پولنگ کا وقت ختم ہوگیا جب کہ غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق کراچی اور حیدرآباد سے ایم کیو ایم کے میئر اور ڈپٹی میئر کامیاب ہوگئے۔
کراچی سمیت اندرون سندھ میئر و ڈپٹی میئر، چیئرمین اور وائس چئیرمین کے چناؤ کے لئے ووٹنگ کا عمل صبح 9 بجے شروع ہوا جو بلاتعطل شام 5 بجے تک جاری رہا۔ غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق ایم کیو ایم کے وسیم اختر کراچی کے میئر اور ارشد وہرہ ڈپٹی میئر منتخب ہوگئے جب کہ حیدرآباد سے بھی ایم کیو ایم کے سید طیب حسین میئر اور سہیل محمود مشہدی ڈپٹی میئر منتخب ہوگئے۔
بلدیہ عظمیٰ کراچی کے میئر و ڈپٹی میئر، 4 ضلعی چیئرمین، 5 ضلعی وائس چئرمین، ڈسٹرکٹ کونسل کے چیئرمین و وائس چیئرمین کے انتخابات کے لیے پولنگ ہوئی جب کہ ضلع وسطی میں ایم کیو ایم کے نامزد امیدوار برائے چیئرمین وائس چیئرمین جب کہ ضلع ملیر میں پیپلزپارٹی کے امیدوار چیئرمین کی نشست پر بلامقابلہ کامیاب ہوچکے تھے۔ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے میئر کے انتخابات میں 4 امیدواروں ایم کیوایم کے وسیم اختر، پیپلزپارٹی کے کرم اللہ وقاصی، آزاد امیدوار محمد رفیق خان اور ارشد حسن کے درمیان مقابلہ تھا جب کہ ڈپٹی میئر کے لئے ایم کیوایم کے ارشد عبداللہ وہرہ ، مسلم لیگ (ن) کے امان اللہ آفریدی اور آزاد امیدوار نوید جاوید مدمقابل تھے۔
دوسری جانب حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخابات کے لئے پولنگ کا عمل ایک گھنٹہ دس منٹ تاخیر سے شروع ہوا، بلدیہ اعلی حیدرآباد کے میئر اور ڈپٹی میئر کے لیے ایم کیو ایم کی جانب سے طیب حسین اور ڈپٹی میئر کے لیے سہیل محمود مشہدی امیدوار تھے جب کہ پیپلز پارٹی نے پاشا قاضی کو میئر اور حسن علی جتوئی کو ڈپٹی میئرکے لیے میدان میں اتارا تھا۔
ضلع سکھر میں ضلع کونسل کے چیئرمین، وائس چیئرمین، میئر اور ڈپٹی میئر کے عہدوں پر پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے نامزد امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔ ضلع سکھر میں سینیٹر اسلام الدین شیخ کے فرزند و رکن قومی اسمبلی نعمان اسلام شیخ کے بھائی بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ پاکستان کے کم عمر ترین بلامقابلہ میئر منتخب ہوئے جبکہ طارق چوہان ڈپٹی میئر منتخب ہوچکے ہیں، ضلع کونسل کے چیئرمین کے لئے اسلم شیخ اور وائس چیئرمین شاہزیب منتخب ہوچکے ہیں۔
میرپور خاص میں میونسپل کمیٹی کے چیئرمین ووائس چیئرمین کے لیے ایم کیو ایم کے امیدوار فاروق جمیل اور فرید احمد خان ہیں۔ میرپورخاص میں 69 کونسلرز میں سے 2 کے انتقال کر جانے کے باعث 67 ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا جن میں سے 67 میں سے 46 کونسلرز ایم کیو ایم اور 21 کا تعلق پیپلز پارٹی پی پی سے ہے۔
میونسپل کمیٹی ٹنڈوآدم کے چیئرمین اور وائس چیئرمین کے لیے 33 ممبران میونسپل کمیٹی نے ووٹ کا حق استعمال کیا۔ میونسپل کمیٹی کے چیئرمین کیلئے پیپلز پارٹی کی طرف سے غلام مرتضیٰ جونیجو اور وائس چیئرمین کیلئے پارس ڈیرو امیدورا ہیں جن کا مقابلہ شہری اتحاد میں شامل فنکشنل لیگ، جماعت اسلامی اور ایم کیوایم کے مشترکہ امیدوار مسرورالحسن غوری اور اصغرعباسی سے ہے ۔