کراچی پولیس کے 284 افسران و اہلکار مختلف جرائم کی سرپرستی میں ملوث نکلے
کراچی: پولیس میں جرائم پیشہ افراد اور گروہوں کی سرپرستی کرنے والے افسران و اہلکاروں کیخلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا گیا۔ انٹیلی جینس ایجنسیز اور اسپیشل برانچ نے کراچی پولیس میں موجود 284 کرپٹ افسران اور اہلکاروں سے متعلق رپورٹ ایڈیشنل آئی جی سندھ ڈاکٹر امیر شیخ کو جمع کرادی۔
رپورٹ کے مطابق شہر میں تعینات 6 ایس پیز، 16 ڈی ایس پیز اور 28 انسپکٹرز جرائم پیشہ افراد اور گروہوں کی سرپرستی کررہے ہیں۔
رپورٹ میں شامل 31 افسران و اہلکاروں کو اب تک ملازمتوں سے برطرف کیا جاچکا ہے جب کہ 2 ڈی ایس پیز کو لیٹر آف ڈس پلیژر جاری کئے جاچکے ہیں۔
رپورٹ میں شامل 6 ایس پیز اور 13 ڈی ایس پیز سے تحریری جواب طلبی کیلئے نوٹس جاری کیا جاچکا ہے اور 174 افسران و اہلکاروں کو شو کاز نوٹسز جاری کئے گئے ہیں۔ جرائم کی سرپرستی پر 28 پولیس افسران و اہلکاروں کو معطل بھی کیا جاچکا ہے۔