سندھ
آصف زرداری کے ایوان میں شہباز شریف کے ساتھ آنے سے حکمران خوفزدہ ہوگئے ہیں، مولا بخش چانڈیو
حیدرآباد: پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات مولابخش چانڈیو کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات کے بیانات خوفزدہ ذہنیت کے عکاس ہیں، آصف علی زرداری کے ایوان میں شہباز شریف کے ساتھ آنے سے حکمران خوفزدہ ہوگئے ہیں، حکمرانوں کو اصل عوامی مسائل کی فکر ہے نہ ادراک ہے۔ ایک بیان میں مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ یہ چھوٹی چھوٹی باتوں پر خوشی اور نفرتوں کا اظہار کرتے رہتے ہیں، پاکستان کو ان نازک حالات میں وزراء کے خوفزدہ اور نفرت آمیز بیانات کی ضرورت نہیں، حکمران پارلیمنٹ اور سیاسی اداروں کو اعتماد میں لیں اور عوام کے مسائل کے حل کی طرف بڑھیں۔ مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ حکومت تصادم سے گریز کرے، تصادم حکومت اور جمہوریت کیلئے نقصان دہ ہے، معیشت کو تباہی اور قوم کو مسائل میں دھکیلنے بعد وزیر موصوف جشن منانے کا مشورہ دے رہے ہیں۔
مولا بخش چانڈیو نے مزید کہا کہ قوم جشن منائے حکمرانوں کے بھولے ہوئے وعدوں کا؟ بھینسوں اور کاروں کی نیلامی کا جشن منائیں یا بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا، لوگ گھر گرا کر چھت چھیننے کا جشن منائیں؟ دو وقت کی روٹی چھننے کا جشن منائیں، اپوزیشن کو طعنے دینے والے فواد چودھری اپنی صفوں میں نظر دوڑائیں، تمام تر نیب زدہ اور دیگر جماعتوں کے کرپٹ عناصر کو شامل کرکے حکومت بنائی گئی ہے۔ مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ جیلیں دیکھی ہوئی ہیں سیاسی انتقام سے نہ پہلے ڈرے نہ اب ڈرنے والے ہیں، تصادم کا راستہ اختیار کرکے حکمران بھاگنا چاہتے ہیں لیکن ہم بھاگنے نہیں دیں گے، ہمیں کوئی جلدی نہیں لیکن نظر آرہا ہے کہ حکومت کو جلدی ہے، حکمران عوام سے کئے گئے وعدے ہورے کرے، اب کوئی بہانا نہیں چلے گا۔