سندھ بھر میں 10 دن کیلئے دفعہ 144 نافذ کردی گئی
کراچی: مسیحی خاتون آسیہ بی بی کو سپریم کورٹ کی جانب سے بری کئے جانے کے بعد مذہبی جماعتوں کی جانب سے ہونے والے احتجاج کے پیش نظر سندھ بھر میں 10 روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کردی گئی۔ محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق سندھ میں 10 روز کے لئے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کی جارہی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے میں جلسے، جلوس، ریلیوں اور 4 سے زائد افراد کے اجتماع پر بھی 10 روز کے لئے پابندی ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اس دوران صوبے میں اسلحہ لے کر چلنے پر بھی پابندی ہوگی۔ تاہم صحافی، پولیس اہلکار، قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں، سیکیورٹی گارڈز اور رجسٹرڈ پرائیویٹ سیکیورٹی کمپنیوں کے اہلکار اپنی ڈیوٹی کے اوقات کے دوران اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔ واضح رہے کہ آسیہ بی بی کو بری کئے جانے کے خلاف کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کی جانب سے احتجاج کیا جارہا ہے۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے احتجاجی مظاہروں کے باعث لیاری ایکسپریس وے کراچی اور حیدرآباد کے دونوں روٹس کو بند کردیا گیا ہے۔