سندھ

مظاہرین نے حد پار کی تو حکومت کے احکامات پر عمل کریں گے، ڈی جی رینجرز سندھ

کراچی: ڈائریکٹر جنرل سندھ رینجرز میجر جنرل محمد سعید نے کہا ہے کہ مظاہرین نے حد پار کی تو سندھ اور وفاقی حکومت کے احکامات پر عمل کریں گے۔ کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی رینجرز نے کہا کہ ستمبر 2013ء سے اب تک کراچی دنیا کے چھٹے خطرناک شہر سے 67 ویں نمبر پر آگیا ہے، جب کہ 2017ء اور 2018ء میں دہشت گردی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، اغواء برائے تاوان، ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے، عام انتخابات والے دن کراچی میں بدامنی کا ایک بھی واقعہ نہیں ہوا۔ میجر جنرل محمد سعید نے کہا کہ سیکیورٹی اہلکار شہر میں کاروبار کی بہتری کے لئے اپنے خون اور جانوں کی قربانی کی شکل میں حصہ ڈال رہے ہیں، رینجرز کراچی کی معیشت اور کاروبار میں ایک خاموش اسٹیک ہولڈر ہے، جس طرح پانچ سال میں کراچی کے حالات نارمل ہوئے اس کی مثال بھی دنیا میں نہیں ملتی۔

میجر جنرل محمد سعید کا کہنا تھا کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائمز میں 70 فیصد انڈر میٹرک نوجوان ملوث پائے جاتے ہیں، یہاں آباد برادریوں کو جرائم میں ملوث نوجوانوں اور منشیات کے عادی افراد کی بحالی کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے۔ آسیہ بی بی کی بریت کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر ڈی جی رینجرز نے کہا کہ یہ صورتحال صرف کراچی میں نہیں بلکہ پورے ملک میں ہے اور امید ہے صورتحال جلد بہتر ہوجائے گی، تاہم احتجاجی مظاہرین نے حد پار کی تو سندھ اور وفاقی حکومت کے احکامات پر عمل کریں گے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close