سندھ

کراچی میں تجاوزات کیخلاف آپریشن نمائشی ثابت ہوا، پتھاروں کا جنگل دوبارہ آباد

کراچی: سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں انسداد تجاوزات کی ٹیم کی جانب سے صدر کے علاقے میں کیا گیا آپریشن نمائشی ثابت ہوا اور کے ایم سی کے جاتے ہی پتھاروں کا جنگل دوبارہ آباد ہوگیا۔

پولیس اور رینجرز کی نگرانی میں انسداد تجاوزات کی ٹیم ایمپریس مارکیٹ، ریگل چوک، پاسپورٹ آفس، اور ملحقہ سڑکوں پر تجاوزات کے خلاف آپریشن میں کیا گیا۔

تجاوزات کے خاتمے کے آپریشن کے دوران ٹیم نے دکانوں کے باہر قبضہ کی گئی جگہوں کو مسمار کردیا اور پتھارے ہٹانے کے ساتھ ساتھ دکانوں پر لگے سن شیڈ بھی اتار لیے گئے۔

دوسری جانب صدر پارکنگ پلازہ کے اطراف قائم دکانداروں نے  تجاوزات آپریشن کے خلاف احتجاج کیا اور مظاہرین نے ایمپریس مارکیٹ سے پارکنگ پلازہ جانے والا راستہ بند کردیا جسے بعدازاں کھول دیا گیا۔

محکمہ انسداد تجاوزات کی جانب سے آپریشن سے قبل مختلف مقامات پر بینرز آویزاں کیے گئے اور دکانداروں سے اپیل کی گئی کہ وہ فوری طور پر تجاوزات ختم کردیں بصورت دیگر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

آپریشن کے بعد تجاوزات دوبارہ قائم 

صدر کراچی میں تجاوزات کیخلاف ایک اور آپریشن کا نتیجہ بھی وہی ڈھاک کے تین پات نکلا۔

سپریم کورٹ کے حکم پر کیا جانے والا آپریشن بھی نمائشی اور ناکام ثابت ہوا اور کے ایم سی ٹیم کے جاتے ہی صدر میں پھر پتھاروں کا جنگل آباد ہوگیا، ٹھیلے اور پتھارے والوں کا کاروبار جاری ہے۔

 آپریشن کا پیشگی اعلان ہونے کی وجہ سے صبح پتھارے اور ٹھیلے لگائے ہی نہیں گئے تھے اور کے ایم سی نے کیمروں کے سامنے نمائشی آپریشن کیا جس کے بعد تجاوزات قائم ہونے سے روکنے کا کوئی انتظام ہی نہیں تھا۔

آپریشن کے باعث ٹریفک جام 

صدر میں تجاوزات کیخلاف آپریشن کے باعث اطراف کی سڑکوں پر شدید ٹریفک جام ہوگیا، آئی آئی چندریگر روڈ، پی آئی ڈی سی، صدر اور دیگر اطراف کے علاقوں میں گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

 شدید ٹریفک جام کے باعث دفاتر سے واپسی گھروں کو جانے والے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close