قائد اور متحدہ بارے تمام چیزیں دس روز میں سامنے آ جائیں گی : اپوزیشن لیڈر
سکھر : قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم اپنے قائد سے لاتعلقی کا اظہار کر چکی ہے کہ ان کا دماغ اور صحت صحیح طریقے سے کام نہیں کر رہی ہے۔ اس لیے آٹھ دس دن انتظارکرنا چاہئے کیونکہ اس میں تمام چیزیں سامنے آجائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق سکھر میں جا ری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان فاروق ستارچلا رہے ہیں اورہمیں اس بات کو ماننا چاہئے کیو نکہ انہوں نے اپنے لیڈر سے لاتعلقی کا اظہار کردیا ہے۔ خورشید شاہ نے مزید کہا کہ بھا رت پاکستان کے ساتھ گیم کررہا ہے اور اس گیم کا جواب میڈیا کو دینا چاہیے ہم جب بھی کشمیرکامسئلہ اٹھا تے ہیں تو کبھی کراچی کی صورت میں تو کبھی برہمداغ کی صورت میں مسائل پیدا کیے جا تے ہیں۔
کشمیرہماری شہ رگ ہے اور اس پر ہماراموقف ایک ہی ہے۔ خورشید شاہ نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم کہتی ہے کہ انکے لیڈر کا دماغ کام نہیں کررہا ہے اس لئے ان سے لاتعلقی کرتے ہیں۔ خورشید شاہ نے ایم کیو ایم کی پالیسی کے حوالے سے کہا کہ آٹھ دس دن انتظار کریں سب چیزیں سامنے آجائیں گی۔