کراچی کے علاقے کلفٹن کے ریسٹورنٹ میں کھانا کھانے والے 2 بچے جاں بحق
کراچی: کلفٹن کے علاقے زم زمہ کے ریسٹورنٹ میں کھانا کھانے والے 2 بچے انتقال کر گئے جب کہ ان کی والدہ کی طبیعت ناساز ہے۔ ايس ايس پی جنوبی پیر محمد شاہ نے بچوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے جیو نیوز کو بتایا کہ گزشتہ رات متاثرہ خاندان کے بچوں نے پہلے ایک پلے لینڈ سے ٹافیاں، آئس کریم اور چپس کھائے اور پھر کلفٹن کے علاقے زم زمہ پر واقع ایک ریسٹورنٹ میں کھانا کھایا تھا۔
پیر محمد شاہ نے بتایا کہ متاثرہ خاندان نے رات 11 بجے کے قریب ریسٹورنٹ سے کھانا کھایا اور صبح 5 سے 6 بجے کے درمیان دو بچوں اور والدہ کی طبیعت خراب ہوئی اور انہیں الٹیاں ہوئیں لیکن تینوں کو دوپہر کے وقت ایک نجی اسپتال منتقل کیا گیا۔
ایس ایس پی جنوبی نے بتایا کہ اسپتال انتظامیہ کے مطابق جب تینوں کو اسپتال لایا گیا تو ان کی حالت خراب تھی، دونوں بچے دوران علاج دم توڑ گئے جب کہ ان کی والدہ کی طبیعت ناساز ہے۔
انتقال کر جانے والے بچوں کی شناخت ڈیڑھ سالہ احمد اور 5 سالہ محمد شامل ہیں۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ متاثرہ بچوں کے والد وقوعہ کے وقت لاہور میں تھے جو واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد اب واپس کراچی آ رہے ہیں۔
ایس ایس پی پیر محمد شاہ کے مطابق ریسٹورنٹ اور پلے لینڈ کو سیل کردیا گیا اور فوڈ اتھارٹی کو بھی تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ابھی تک خراب کھانے کی کوئی اور شکایت موصول نہیں ہوئی ہے تاہم ہم اس بات کا بھی جائزہ لیں گے کہ اس وقت اور کتنے افراد ریسٹورنٹ میں موجود تھے اور جن دیگر افراد نے وہاں سے کھانا کھایا ان کی طبیعت کیسی ہے۔
دوسری جانب آئی جی سندھ کلیم امام نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ساؤتھ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔