سندھ

مصنوعی قیادت و کرپٹ نظام کے ذریعے کوئی تبدیلی نہیں آسکتی، محمد حسین محنتی

ہالا: جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ کلمے کی سربلندی اور قرآنی قانون کے نفاذ کے ذریعے ہی ملک میں حقیقی تبدیلی لائی جاسکتی ہے، مصنوعی قیادت و کرپٹ نظام کے ذریعے کوئی تبدیلی نہیں آسکتی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ ہالا میں منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا، قبل ازیں مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن حافظ لطف اللہ بھٹو، ضلعی امیر فقیر محمد لاکھو نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر نومنتخب ضلعی امیر نے حلف بھی اٹھایا۔

محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ دین سے دوری اور مفاد پرست ٹولے کی وجہ سے سندھ کے عوام غربت و افلاس اور مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں، سندھ باب الاسلام ہے، اسلام و پاکستان ایک دوسرے کے ساتھ لازم و ملزوم ہیں، قیام پاکستان کے وقت شہداء کی قربانیوں و جدوجہد کا مقصد بھی یہی تھا کہ یہاں کلمہ کی سربلندی اور قرآن و سنت کا نظام ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ امت کو سامراجی سازشوں کو ناکام بنانے اور اپنے مسائل کے حل کیلئے غیروں سے امیدیں باندھنے کی بجائے اپنا تعلق قرآن و سنت سے مضبوط جوڑنا ہوگا، اسی میں ہی دنیا و آخرت کی کامیابی مضمر ہے۔ حافظ لطف اللہ بھٹو نے کہا کہ دنیاوی مال و دولت بنک بیلنس نہیں بلکہ اصل کامیابی آخرت میں جنت کا حصول ہے، دنیا کی زندگی دکھاوا اور دھوکے کے سامان کے سوا کچھ بھی نہیں ہے۔ امیر ضلع فقیر محمد لاکھو نے کہا کہ جماعت اسلامی اقامت دین کی تحریک ہے، جو معاشرے کی اصلاح اور اللہ کی دھرتی پر اللہ کے نظام کو نافذ کرنا چاہتی ہے، کارکن اس مقصد کو حاصل کرنے کیلئے بھرپور جدوجہد کریں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close