جوبھی رینجرز کے پاس جاتا ہے وہ ڈرائی کلین ہوکر واپس آتاہے،اعتزاز احسن
اسلام آباد: سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اور پیپلز پارٹی کے رہنما بیرسٹر اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ کراچی میں رینجرز اپنے اختیارات سے زیادہ تجاوز کر رہی ہے اور یہ تاثر ابھر رہاہے کہ جو بھی رینجرز کے پاس جاتا ہے وہ ڈرائی کلین ہوکر واپس آتاہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا کہ ایم کیو ایم اب بھی الطاف حسین والی ہی جماعت ہے، فاروق ستار رینجرز تحویل میں جانے سے پہلے اپنے قائد سے لاتعلقی کا بیان دیتے تو زیادہ فائدہ ہوتا، ایم کیوایم کے قائد کے خلاف کارروائی کے لیے حکومت کو خود برطانیہ سے رابطہ کرنا ہوگا۔ کراچی میں رینجرز اپنے اختیارات سے تجاوز کر رہی ہےاور یہ تاثر ابھر رہاہے کہ کراچی میں رینجرز نے ڈرائی کلیننگ کی فیکٹری لگارکھی ہےجو بھی رینجرز کے پاس جاتا ہے وہ ڈرائی کلین ہوکر واپس آتاہے۔ انہوں نے کہا کہ رینجرز کے یہ اقدام قائد ایم کیو ایم اور ان کےعسکری ونگ کو جلا بخشیں گے۔ ایم کیو ایم کے غیر قانونی دفاترگرائےجائیں تاہم قانونی دفاتر کے خلاف کارروائی نہ کی جائے۔
اعتزاز احسن نے کہا کہ پاناما لیکس کا معاملہ کسی صورت دبنے والا نہیں، جو سمجھتا ہےکہ یہ معاملہ دب جائے گا یہ اس کی بھول ہے، آئندہ چند روز میں اس معاملے پر نیا موڑ آنے والاہے، ہمارے پاس وزیر اعظم نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز کی جانب سے لندن کے ون ہائیڈ پارک میں خریدی گئی جائیداد کی دستاویزات آگئی ہیں جو کہ ان کے مئے فیئر اپارٹمنٹس سے بھی مہنگے ہیں، ان دستاویزات کے مطابق حسین نواز نے ون ہائیڈ پارک میں جائیداد کا سودا 4 کروڑ 25 لاکھ برطانوی پاؤنڈ میں کیا۔