سندھ

12 ربیع الاول، تمام مکاتب فکر کے علماء کی مشاورت سے حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا، آئی جی سندھ

کراچی: صوبے بھر میں میلادالنبیؐ کے موقع پر سیکیورٹی کے مجموعی اقدامات رینجرز سندھ اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں سے مربوط رابطوں کے تحت یقینی بنائے جائیں۔ یہ ہدایات آئی جی سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام نے سینٹرل پولیس آفس میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ اجلاس میں سندھ بھر کے تمام ایڈیشنل آئی جیز، رینج / زونل ڈی آئی جیز، ہیڈ کوارٹر، ٹریفک کے ڈی آئی جیز وایس ایس پیز کے علاوہ کچھ سینئر پولیس افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے بھی شرکت کی۔

آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ 12 ربیع الاول کے مرکزی جلوس اور دیگر تمام چھوٹے بڑے جلوسوں کی گزرگاہوں / اجتماع گاہوں پر انتہائی فول پروف سیکیورٹی کے لئے صوبائی سطح پر تمام مکاتب فکر کے علماء و دیگر مذہبی قائدین کے ساتھ شیڈول اجلاس ترتیب دیئے جائیں تاکہ ان کی تجاویز اور مشاورت سے حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ روٹس اور اجتماع گاہوں پر ڈبل سیلنگ سیکیورٹی لائحہ عمل اختیار کیا جائے، جبکہ منتخب کردہ بلند عمارتوں پر روف ٹاپ ڈپلائمنٹ اور اسنائپرز کی تعیناتی کے لئے بھی ہر ممکن اقدامات کئے جائیں، جبکہ حساس علاقوں میں پولیس کمانڈوز کو خصوصی ذمہ داریاں تفویض کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ جملہ سیکیورٹی اقدامات کی میں خود نگرانی کرونگا، جبکہ اس حوالے سے تمام افسران لمحہ بہ لمحہ رپورٹس بھی واٹس ایپ پر لازماً شیئر کریں گے۔

ترجمان سندھ پولیس کا کہنا ہے کہ عوام اپنے آس پاس یا اطراف کے علاقوں میں مشکوک سرگرمی، لاوارث گاڑی، بیگ یا پارسل دکھائی دینے پر فوری اطلاع مددگار 15، قریبی تھانے، ڈیوٹی پر موجود پولیس افسر، جوان، ڈی آئی جیز یا ایس ایس پیز کے دفاتر کو دیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close