میئر اور ڈپٹی میئر کراچی کا نوٹیفکیشن جاری
کراچی کے نو منتخب میئر وسیم اختر اور ڈپٹی میئر ارشد وھرا آج حلف اٹھائیں گے، الیکشن کمیشن نے کامیابی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے جبکہ حلف برداری کیلئے وسیم اختر کے پروڈکشن آرڈر بھی جاری کردیئے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے سندھ بھر کے بلدیاتی نمائندوں کا بھی ںوٹی فکیشن جاری کردیا ہے، ضلع غربی کانوٹی فکیشن فی الحال جاری نہیں کیا گیا۔
تقریب حلف برادری پولو گراؤنڈ میں ہوگی جب کہ میئرو ڈپٹی میئر سمیت تمام منتخب نمائندوں کو حلف برادری کے لیے نوٹس جاری کردیئے گئے ہیں۔ جاری کئے گئے دعوت ناموں میں تقریب کا وقت دن 11 بجے مقرر کیا گیا ہے، پریذائیڈنگ آفیسر نے میئر اور ڈپٹی میئر کو صبح 11 بجے اور چیرمین اور وائس چیرمین کو 12 بجے طلب کرلیا ہے۔
آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے کہا ہے کہ میئر ڈپٹی میئر کی حلف برداری کے موقع پر پولو گراوٴنڈ میں سیکیورٹی اقدامات غیر معمولی بنائے جائیں، ضلعی ایس ایس پیز، کراچی متعلقہ حدود میں ڈی ایم سیز کی حلف برداری کے حوالے سے بھی سیکیورٹی کے تمام تر اقدامات یقینی بنائیں، تھانہ پولیس کے لحاظ سے حلف برداری کے مقامات کے اطراف انٹیلی جینس کو بڑھایا جائے اور اسنیپ چیکنگ، پکٹنگ اور پیٹرولنگ کو مزید مربوط اور موٴثر بنایا جائے۔
اس سے قبل صوبائی الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ وسیم اختر کا معاملہ عدالتوں میں ہونے کی وجہ سے قانونی صورتحال کا جائزہ لیا جارہا ہے جب تک میئر و ڈپٹی میئر کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوتا میئر حلف نہیں اٹھا سکتا اور اگر نوٹیفکیشن جاری ہوا تو دوپہر میں حلف برداری ہوسکتی ہے تاہم نوٹی فکیشن جاری نہ ہوا تو تقریب حلف برداری آگے بڑھ سکتی ہے۔
ایم کیو ایم کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ وسیم اختر نے جیل میں میئر کا دفتر بنانے کا مطالبہ بھی کیا انہوں نے کہا کہ عدالت سے درخواست کروں گا کہ جیل میں بیٹھ کر عوام کے مسائل حل کرنے کی اجازت دی جائے۔
پاکستان تحریک انصاف نے کراچی کے نو منتخب میئر کو حلف برداری سے روکنے کیلئے درخواست دائر کردی، درخواست میں وسیم اختر کیخلاف سنگین نوعیت کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
درخواست میں وسیم اختراورالیکشن کمیشن کو فریق بناتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ وسیم اختر سانحہ 12 مئی سمیت بغاوت، سہولت کاری اور دہشت گردی کے 30 سے زائد مقدمات میں ملوث ہیں جو کہ انسداد دہشت گردی کورٹ میں زیرسماعت ہیں، وسیم اختر جیل میں ہیں اور جب تک ان سے تفتیش مکمل نہیں ہوجاتی اوروہ بے گناہ ثابت نہیں ہوجاتے تب تک حلف برداری کی تقریب کو روک دیا جائے اور وسیم اختر کو بحیثیت میئر کراچی کا حلف نہ لینے دیا جائے۔