کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے وزیراعظم کے بیان کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی یو ٹرن سے متعلق بات درست ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک کوئی لیڈر یو ٹرن نہیں لیتا بڑے فیصلے نہیں کرسکتا۔ اس موقع پر عمران اسماعیل نے سندھ حکومت کے مشیر مرتضیٰ وہاب کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ مرتضیٰ وہاب میری انگریزی کے پیچھے ہاتھ دھو کر پڑگئے ہیں، انہیں اپنے کام سے کام رکھنا چاہیئے۔ واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز کالم نویسوں سے ملاقات کے دوران کہا تھا کہ حالات کے مطابق جو یو ٹرن نہ لے وہ لیڈر ہی نہیں اور جو یو ٹرن لینا نہیں جانتا اس سے بڑا بے وقوف لیڈر نہیں ہوتا، ہٹلر اور نپولین یوٹرن نہ لے کر نقصان میں گئے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یو ٹرن لینا اسٹریٹجی کا حصہ ہوتا ہے، تاریخ میں بڑے بڑے لوگوں نے یو ٹرن لے کر چیزیں بہتر کی ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ یو ٹرن لینے اور جھوٹ بولنے میں فرق ہے، نواز شریف نے عدالت میں یوٹرن نہیں، جھوٹ بولا تھا۔ وزیراعظم کے اس بیان نے ہر طرف ہلچل مچا دی اور اس حوالے سے اپوزیشن رہنماؤں کی جانب سے بھی ردعمل اور بیانات کا سلسلہ جاری ہے۔