مراد علی شاہ کا سندھ میں بجلی کی ترسیل کے لیے الگ ٹرانسمیشن لائن کا مطالبہ
اسلام آباد: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف سے صوبے میں بجلی کی ترسیل کے لیے الگ ٹرانسمیشن لائن کا مطالبہ کردیا۔
اسلام آباد میں وزیراعلی سندھ مرادعلی شاہ کی وفاقی وزیر پانی وبجلی خواجہ آصف سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں سیکرٹری پانی و بجلی یونس ڈھاگہ سمیت سندھ کے سیکرٹری توانائی آغا واصف بھی شریک ہوئے جب کہ ملاقات میں بجلی اور قابل تجدید توانائی کے ٹیرف اوردیگرمسائل زیرغورآئیں۔ ملاقات کے دوران مراد علی شاہ نے سندھ میں بجلی کی ترسیل کے لیے الگ ٹرانسمیشن لائن کا مطالبہ کیا۔
ملاقات کے بعد میڈیا کوبریفنگ دیتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ سندھ میں لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ زیر بحث رہا، بجلی چوری سے متعلق بھی وزیراعلیٰ سے بات ہوئی جب کہ سندھ میں لوڈ شیڈنگ کے مسئلے کوجلد حل کرنے کی کوشش کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن سے قبل 800 سے 1000 میگا واٹ بجلی سسٹم میں دیں گے، بقایا جات سے متعلق تھوڑا فرق ہے جس کو جلد حل کرلیں گے جب کہ گرڈ کو اپ گریڈ کرنے کی ذمہ داری بھی مانگی ہے۔
وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف سے اچھی ملاقات رہی، انہوں نے لوڈشیڈنگ میں کمی کا یقین دلایا، مسائل کافی حد تک حل ہوچکے ہیں، میڈیا سے معلوم ہو رہا ہے کہ سندھ میں بجلی چوری بھی مسئلہ ہے، حالانکہ خواجہ آصف نے ان سے اس بارے میں کوئی بات ہی نہیں کی۔ ان کا کہنا تھا کہ بجلی چوری صرف سندھ میں نہیں ہو رہی جب کہ بجلی کی بقایاجات میں وفاق اورسندھ کے موقف میں زیادہ فرق نہیں رہا۔