فواد چوہدری اپنے لیڈر عمران خان کی فکر کریں، ترجمان آصف زرداری
کراچی: سابق صدر آصف علی زرداری کے ترجمان عامر فدا پراچا نے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ فواد چوہدری اپنے لیڈر عمران خان کی فکر کریں۔
سابق صدر کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آصف زرداری جمہوریت مخالف عناصر کی آنکھوں میں چبھ رہے ہیں۔ آصف علی زرداری کے ترجمان نے کہا کہ عمران خاں صرف یوٹرن ہی نہیں لیتے بلکہ گرگٹ کی طرح رنگ بھی بدلتے ہیں اور حکومت کے 100 دن 100 جھوٹ پر مبنی ہیں۔
ترجمان عامر فدا پراچا کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کو کرپشن چھپانے کا این او سی دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ فواد چوہدری نے جیو نیوز کے پروگرام جیو پارلیمنٹ میں میزبان ارشد وحید چوہدری کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ آصف زرداری کو اندازہ ہی نہیں کہ وہ عوام میں کتنے غیر مقبول ہیں، آصف زرداری سمیت دیگر کے جیل جانے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔