ہنگو میں شیعہ مدرسہ پر بم دھماکہ فرقہ واریت کی آگ بھڑکانے کی سازش ہے، اورنگزیب فاروقی
کراچی: بھارت اور امریکہ سازشیں پاکستان اور چین کی دوستی کو ختم نہیں کر سکتیں، امریکہ خطے میں بالادستی کے لئے بھارت کو ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار کالعدم اہلسنّت و الجماعت کے سربراہ محمد احمد لدھیانوی، اورنگزیب فاروقی، رب نواز حنفی، تاج محمد حنفی نے مرکز اہلسنّت سے جاری بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ چینی قونصل خانے پر حملہ ملکی سالمیت پر حملہ ہے ایسے واقعات نہیں ہونے چاہیئے، چینی قونصل خانہ کو نشانہ بنانا سی پیک جیسے ملکی تاریخ کے بڑے ترقیاتی منصوبے کو ناکام کرنے کی سازش ہے، پولیس اہلکاروں نے جان پر کھیل کر حب الوطنی اور اپنے پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی کی عظیم مثال قائم کی ہے۔
اہلسنّت والجماعت کے صدر اورنگزیب فاروقی نے چینی قونصل اور ہنگومیں شیعہ مدرسہ پر بم دھماکہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ھنگو میں دینی مدرسہ پر بم دھماکہ اور قیمتی جانوں کا ضیاع فرقہ واریت کی آگ بھڑکا کی سازش ہے، آج کے دونوں المناک واقعات اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک میں جنگل کا قانون ہے، ملک میں ایک بار پھر قتل غارت گری کا ماحول بنا یا جارہا ہے، جو بہرحال ملکی سالمیت اور استحکام کو پارہ پارہ کرنے کا منصوبہ ہے۔
علامہ اورنگزیب فاروقی کا کہنا ہے کہ ہماری کامیابی پاکستان کی کامیابی سے مشروط ہے، ملک کیخلاف اٹھنے والا ہر قدم اپنے کیخلاف سمجھتے ہیں، پاکستان کی سالمیت پر کبھی سمجھوتہ نہ کیا ہے نہ کسی کو کرنے دینگے، جو ہاتھ پاکستان کی طرف بڑھے گا اور جو آنکھ ہماری پاک سرزمین کیخلاف اٹھے گی، اس کے سامنے سدسکندری بن جانا اپنا فریضہ سمجھتے ہیں، چینی قونصل خانے پر حملہ اور ہنگو بم دھماکوں کی فوری تحقیقات سے قوم کو آگاہ کرتے ہوئے ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا ملنی چاہیئے۔