سندھ

کراچی، چینی قونصلیٹ حملے میں شہید اہلکار عامر کے بھائی نے بھی پولیس میں شہادت پائی

کراچی: چینی قونصلیٹ پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں شہید ہونے والے پولیس کانسٹیبل عامر خان کے بھائی بھی مقتول ایس ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم پر حملے میں شہید ہوچکے ہیں۔ شہید پولیس کانسٹیبل عامر خان کے بھائی عجب خان نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں بتایا کہ چینی قونصلیٹ پر حملے کے بعد عامر کے دوست کا فون آیا اور اس نے بتایا کہ چینی قونصلیٹ پر حملہ ہوا ہے اور عامر کا فون نہیں لگ رہا۔

عجب خان کے مطابق انہوں نے اپنے دوسرے بھائی کو جناح اسپتال بھیجا تو وہاں سے پتہ چلا کہ عامر شہید ہوگیا ہے۔ عجب خان نے بتایا کہ ان کا بڑا بھائی پہلے ہی چوہدری اسلم پر حملے میں شہید ہوچکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہم 5 بھائی تھے، 2 شہید ہوگئے۔ عجب خان کے مطابق شہید پولیس کانسٹیبل عامر خان کا ایک 2 ماہ کا بیٹا ہے جبکہ بڑے بھائی کے ساتھ ساتھ ان کا بھتیجا بھی شہید ہوچکا ہے۔

واضح رہے کہ 3 دہشت گردوں نے آج صبح کراچی کے علاقے کلفٹن میں واقع چینی قونصل خانے پر حملے کی کوشش کی، جسے سکیورٹی فورسز نے ناکام بناتے ہوئے تینوں حملہ آوروں کو ہلاک کرکے ان کے قبضے سے خودکش جیکٹس اور اسلحہ برآمد کر لیا۔ دوسری جانب کارروائی میں 2 پولیس اہلکار کانسٹیبل عامر خان اور اے ایس آئی اشرف داؤد شہید ہوئے جبکہ ایک سکیورٹی گارڈ زخمی بھی ہوا، تاہم قونصل خانے کا چینی عملہ واقعے میں بالکل محفوظ رہا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close