سندھ

سپریم کورٹ کا کراچی میں تجاوزات کیخلاف آپریشن بلاتعطل جاری رکھنے کا حکم

کراچی: قائم مقام چیف جسٹس پاکستان نے شہر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن بلاتعطل جاری رکھنے اور سرکلر ریلوے کے راستے میں قائم تجاوزات کو بھی فوری ہٹانے کا حکم دے دیا۔

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں شہر سے تجاوزات ہٹانے کے معاملے پر قائم مقام چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں اجلاس ہوا جس میں ڈی جی کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی سمیع صدیقی اور میونسپل کمشنر ڈاکٹر سیف الرحمان سمیت دیگر نے شرکت کی۔

دورانِ اجلاس کے ڈی اے نے تجاوزات کے خلاف آپریشن سے متعلق رپورٹ جمع کرائی جب کہ قائم مقام چیف جسٹس کو شہر کے پرانے نقشے اور تصاویر بھی پیش کی گئیں، اس موقع پر قائم مقام چیف جسٹس کی جانب سے جھیلوں اور پارکس پر تجاوزات کی نشاندہی کی گئی۔

اجلاس میں قائم مقام چیف جسٹس نے تجاوزات کے خلاف کارروائی بلا تعطل جاری رکھنے اور شہر میں پرانی جھیلیں، پارک بحال کرنے کا حکم دیا۔

جسٹس گلزار احمد نے کہاکہ شہر کو اس کی اصل حالت میں بحال کیا جائے جو 30 سال پہلے تھی، تجاوزات کے خاتمے کی مہم میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں جائے گی۔

قائم مقام چیف جسٹس نے شہر کے مختلف علاقوں کے دورے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

جسٹس گلزار احمد کا کہنا تھا  صرف یہ دیکھنا چاہتے ہیں کہ ان قبضہ مافیا کے خلاف کیا کاروائی کی گئی، ہم کراچی کو کلین اینڈ گرین دیکھنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے  پی ای سی ایچ ایس میں چیل کوٹی پر قبضے کی نشاندہی کی اور اسے ختم کرانے کا حکم دیا۔

قائم مقام چیف جسٹس نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے حکام پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ آپ ذمہ داری ادا کرتے تو کراچی کی یہ حالت نہ ہوتی، شہر میں قبضے کرانے میں آپ نے سہولت کاروں کا کام کیا ہے۔

عدالت کا سرکلر ریلوے کے راستے میں قائم تجاوزات بھی ختم کرنے کا حکم

جسٹس گلزار احمد نے ریلوے حکام کو فوری تجاوزات کے خاتمے کا حکم دے دیا اور کہا کہ سرکلر ریلوے کے راستے میں قائم تمام تجاوزات فوری ہٹائی جائیں۔

ریلوے حکام نے سپریم کورٹ کی ہدایت پر تجاوزات کے خلاف آپریشن کا فیصلہ کیا ہے۔

ریلوے حکام کا مؤقف ہےکہ عدالتی حکم پر عمل درآمد شروع کردیا اور  تمام تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنائیں گے۔

واضح رہےکہ کراچی میں سپریم کورٹ کے حکم پر تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے جس میں صدر ایمپریس مارکیٹ اور اس کے اطراف تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا ہے جب کہ لائٹ ہاؤس اور جامع کلاتھ پر بھی غیر قانونی تعمیرات گرادی گئی ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close