Featuredسندھ

خادم حسین رضوی کی گرفتاری کے بعد مفتی منیب الرحمن کو بھی نظر بند کردیا گیا

کراچی: حکومت نے تحریک لبیک پاکستان کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن کے بعد ملک کی کشیدہ صورتحال کے پیش نظر رویت ہلا ل کمیٹی کے چیئرمین ممتاز عالم دین اور مفتی اعظم پاکستان مفتی منیب الرحمن کو بھی کراچی میں ان کے گھر پر نظر بند کرتے ہوئے ان کے گھر سے باہر نکلنے اور تمام ملاقاتوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔

جماعت اسلامی پاکستان ،جمعیت علمائے اسلام (ف)جمعیت علمائے پاکستان سمیت دیگر مذہبی تنظیموں نے مفتی منیب الرحمن کی گرفتاری و نظر بندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مفتی منیب الرحمن تمام مکاتب فکرکے لئے قابل احترام شخصیت ہیں ،ان کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں، انکو قید کرنا بدترین آمریت کی علامت ہے۔

تفصیلات کے مطابق سیکیورٹی اداروں نے حکومتی ہدایت پر رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین ، ملک کےممتاز عالم دین اور مفتی اعظم پاکستان مفتی منیب الرحمن کو کراچی میں ان کے گھر پر نظر بند کر تے ہوئے ان کے گھر سے باہر نکلنے اور ملاقاتوں پر پابندی عائد کرتے ہوئے پولیس کی بھاری نفری ان کی رہائش گاہ پر تعینات کر دی ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ شب کراچی میں تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی کی گرفتاری کے بعد کراچی میں ہونے والے احتجاجی مظاہرے سےخطاب کرتے ہوئے مفتی منیب الرحمن نے اعلان کیا تھا کہ وہ پہلے بھی تحریک لبیک کی حمایت کرتے تھے، خادم حسین رضوی کی گرفتاری کے بعد اب وہ غیر مشروط طور پر نہ صرف ان کی حمایت کریں گے بلکہ تحریک لبیک کے دیگر ذمہ داران کے ساتھ کھڑے بھی ہوں گے، رات گئے ہونے والے اس خطاب کے بعد سیکیورٹی اداروں نے مفتی منیب الرحمن کو گھر میں نظر بند کرتے ہوئے ان کی تمام ملاقاتوں پر پابندی عائد کردی ہے اور ان کی رہائش گاہ کے باہر بڑی تعداد میں پولیس اہلکار تعینات کر دیئے ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close