ایم کیوایم پاکستان نے بانی ایم کیو ایم کے خلاف قرارداد تیار کرلی
ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستارکے واضح بیان کے بعد پاکستان مخالف تقریر پر الطاف حسین کے خلاف قرارداد کے دعوں کو عملی جامہ پہنا دیا گیا، قرارداد کا ڈرافٹ تیار کرلیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق قرارداد کے ڈرافٹ میں ایم کیو ایم پاکستان کی تیئس اگست کی پریس کانفرنس کے نکات شامل کئے گئے ہیں، جس میں الطاف حسین اور بیان سے لاتعلقی سمیت میڈیا ہاؤسز پر حملے کی مذمت کی گئی تھی، ڈرافٹ فائنل کرنے کیلئے ایم کیو ایم کے اراکین اسمبلی کو رابطہ کمیٹی کے گرین سگنل کا انتطار ہے۔
قیادت کی طرف سے اوکے کا سگنل ملتے ہی قرارداداڑتالیس گھنٹوں میں قومی اسمبلی سکیریٹریٹ میں جمع کرائے جانے کا امکان ہے۔
یاد رہے کہ گذشتہ روز ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے پاکستان مخالف بیانات پر بانی ایم کیو ایم کے خلاف قرارداد لانے کا فیصلہ کیا تھا، انکا کہنا تھا کہ قرارداد میں پاکستان مخالف بیانات کی مذمت کی جائے گی۔
واضح رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے بانی ایم کیو ایم کی ملک مخالف تقریر کے بعد ایم کیو ایم لندن سے لاتعلقی کا اعلان کردیا تھا اور کہا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان نے 23 اگست کو ایک لکیر کھینچ دی اور اب ہم خود مختار ہیں، اب تمام الفاظ اور نیت سب ہمارے ہی ہوں گے کسی کو شک کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔