سندھ
ڈالر روپے کو کچل رہا ہے اور وزیراعظم بے فکر ہیں، سعید غنی
کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سندھ کے وزیر بلدیات سعید غنی نے حکومتی پالیسیوں اور وزیراعظم کے تازہ بیان پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈالر روپے کو کچل رہا ہے وزیراعظم بے فکر ہیں، تحریک انصاف کی حکومت کا ایک کروڑ ملازمتوں کا دعویٰ مرغیوں کی افزائش پر دم توڑ گیا، جنہوں نے لاڈلے کو مسلط کیا اللہ تعالیٰ انہیں ہدایت دے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی بےقدری جاری ہے جبکہ وزیراعظم بے فکر نظر آ رہے ہیں، اسد عمر کو ملازمت سے فراغت کے اسباب کا پتا چل گیا ہے، 50 لاکھ گھر تعمیر کرنے کا حکومتی دعویٰ سونامی میں ڈوب چکا ہے، جنہوں نے لاڈلے کو مسلط کیا اللہ تعالیٰ انہیں ہدایت دے۔