کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن شروع کرنا ہے تو میرے ساتھ چلیں اور بحریہ ٹاؤن سے آغاز کریں۔ کراچی میں تجاوزات کیخلاف آپریشن کے متاثرین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے اعلان کیا کہ اگر سات دن میں یہ آپریشن بند نہ کیا گیا تو آٹھ دسمبر کو ایم اے جناح روڈ پر مظاہرہ کریں گے۔ ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ جماعت اسلامی نے آپریشن کیخلاف مظاہرہ کرکے جو فلم شروع کی ہم اسے ختم کریں گے۔ فاروق ستار کا کہنا تھا کہ تجاوزات کیخلاف آپریشن کے نام پر قانونی تعمیرات بھی گرائی جا رہی ہیں۔
ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ جس طرح گھر خالی کرائے جارہے ہیں یہ ظلم و زیادتی ہے، جہاں آپریشن ہونا چاہیئے وہاں نہیں ہورہا۔ انہوں نے کہا کہ میئر کراچی جتنی پھرتی تجاوزات ہٹانے میں دکھا رہے ہیں انہیں اتنی پھرتی کچرا اٹھانے میں بھی دکھانی چاہیئے۔ انہوں نے کراچی کے نئے ترقیاتی بجٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ ترقیاتی نہیں ڈیمج بجٹ ہے اس سے نیا پاکستان نہیں بن سکتا۔ ایم کیو ایم رہنما کا کہنا تھا کہ آٹھ دسمبر کو ہونے والے مظاہرے میں تمام متاثرین اور ان کے اہل خانہ شرکت کریں گے، یہ تجاوزات کے خلاف آپریشن نہیں سرکاری سرپرستی میں لوٹ مار ہو رہی ہے۔