سمندر کو آلودگی سے بچانا حکومت سندھ کی ذمہ داری ہے
وفاقی وزیر برائے بحری امور علی حیدر زیدی نے کہا ہے کہ آلودہ پانی اور کچرا سمندر میں جانے سے روکنا حکومت سندھ اور بلدیاتی اداروں کی ذمہ داری ہے۔
مہمان خصوصی وفاقی وزیر علی حیدر زیدی نے پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کی نویں بارا کوڈا مشقوں کا افتتاح کیا
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سمندر کو آلودگی سے بچانے کیلئے چین اور متحدہ عرب امارات کے تعاون سے اقدامات کر رہے ہیں۔
علی حیدر زیدی نے کہا کہ چین کے ساتھ ایم او یو پہلے ہی سائن کرچکے ہیں جبکہ متحدہ عرب امارات سے بات چیت جاری ہے، سمندر کو آلودگی سے محفوظ رکھنے کے بارے میں ایک مہینے کے اندر اندر قوم کو بڑی خوشخبری دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مبارک ویلیج کے قریب سمندر میں تیل اخراج کی رپورٹ جلد پیش کردی جائے گی۔
وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ زمین سے سمندر کو آلودہ ہونے سے روکنا سندھ حکومت اور بلدیاتی اداروں کا کام ہے، فیکٹریز کو بھی واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ لگانا ہوں گے۔
ڈی جی میری ٹائم سیکیورٹی ریئر ایڈمرل ذکاء الرحمٰن نے خطاب میں کہا کہ مشقوں کا اہم مقصد سمندر میں تیل کے رساؤ کے حادثات پر فوری توجہ دینا اور تربیت یافتہ ٹیم کے ذریعے کم سے کم نقصان کو یقینی بنانا ہے۔
بارا کوڈا مشقیں 4سے 6دسمبر تک کراچی اور شمالی بحیرۂ عرب میں جاری رہیں گی،مشقوں میں ترکی، چین، سعودی عرب، سری لنکا اور جاپان سمیت 10ممالک کے 20مبصر بھی شریک ہیں۔