سندھ حکومت نے تجاوزات کیخلاف آپریشن کے عدالتی حکم پر نظرثانی اپیل دائر کردی
کراچی: سندھ حکومت نے تجاوزات کے خلاف آپریشن کے سپریم کورٹ کے حکم پر نظرثانی اپیل دائر کردی۔ سندھ حکومت کی جانب سے ایڈووکیٹ جنرل سلمان طالب الدین نے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں تجاوزات کے خلاف کارروائی سے متعلق نظر ثانی اپیل دائر کی۔ سندھ حکومت نے اپیل میں مؤقف اپنایا ہے کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن سے انسانی المیہ جنم لے رہا ہے اور کارروائی سے یومیہ اجرت والے لوگ بے روزگار ہورہے ہیں۔ سندھ حکومت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ تجاوزات کے خاتمے کے لئے بہتر انداز میں کام کرنے کو تیار ہیں لہٰذا عدالت تجاوزات کے خلاف حالیہ آپریشن کے حکم پر نظرثانی کرے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے حکم پر کراچی کے مختلف علاقوں میں تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے جس میں صدر، لائٹ ہاؤس، جامع کلاتھ، آرام باغ سمیت شہر کے دیگر علاقوں میں ہزاروں تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا ہے۔ کراچی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن پر بعض سیاسی جماعتوں کی جانب سے اعتراض بھی کیا گیا ہے جب کہ فاروق ستار نے الزام لگایا ہے کہ میئر کراچی آپریشن کی آڑ میں قانونی تعمیرات کو بھی مسمار کررہے ہیں۔