مہاجر نام پر دوکان چلانے والے مہاجروں کو دھوکہ دے کر اُن کے مستقبل کو تاریک کررہے ہیں، سلیم حیدر
کراچی: مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ آنے والے دن مہاجروں کیلئے انتہائی کٹھن ہیں، اس لئے مہاجر دانشوروں، وکلاء، صحافی، سیاسی و سماجی رہنماؤں اور تاجروں پر بھاری ذمہ داری ہے کہ وہ صورتحال کا ادراک کرتے ہوئے مہاجروں کے اتحاد کیلئے عملی کردار ادا کریں، کیونکہ آپس کے اختلافات اور انتشار کا تمام تر فائدہ مہاجر دشمن قوتوں کو پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم گزشتہ 20 سالوں سے ہر فورم پر ان حالات کی نشاندہی کرتے رہے ہیں جس کی پاداش میں ہمیں غیروں سے زیادہ اپنوں کے مظالم کا سامنا کرنا پڑا، لیکن ہم نے مہاجروں کی رہنمائی اور ان کی آگاہی کیلئے کوئی کسر نہیں اُٹھا رکھی اور آج بھی تمام تر مصائب کے باوجود مہاجروں کے ساتھ کھڑے ہیں اور مہاجر حقوق کی جدوجہد کررہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ اب وقت آگیا ہے کہ مہاجروں کے بنیادی حقوق کیلئے مل کر جدوجہد کی جائے اور مہاجر قوم کو بھنور سے نکالنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں، کیونکہ اگر اب بھی مہاجر قائدین نے اپنی انا کے بت نہیں توڑے تو پھر مہاجروں کی داستاں بھی نہ ہوگی داستانوں میں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات ہر ایک مہاجر فکر سوچ اور نظریہ رکھنے والوں کی آنکھیں کھول دینے کیلئے کافی ہیں، وہ جو مہاجر نام پر اپنی دوکانداری چلارہے تھے آج وہ مہاجروں کو دھوکہ دے کر اُن کے مستقبل کو تاریک کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے اسٹیبلشمنٹ اور حکمرانوں سے اپیل کی کہ وہ مہاجروں کیلئے خصوصی پیکیج کا اعلان کریں اور ان کے غضب شدہ حقوق واپس دلوانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔