کراچی سرکلر ریلوے کے متاثرین کو متبادل جگہ دینے پر اعتراض نہیں، شیخ رشید
کراچی: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ کراچی سرکلر ریلوے کے لئے 207 ایکڑ زمین ہے، جس میں سے 21 ایکڑ زمین پر قبضہ ہے اور اب تک صرف دو ایکڑ زمین سے قبضہ ختم کرایا گیا ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ جو زمین واگزار کرائی جارہی ہے اس کے متاثرین کو متبادل جگہ دینے پر کوئی اعتراض نہیں لیکن اس کے لئے سندھ حکومت مکمل پلان لے کر آئے۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ کراچی سرکلر ریلوے بھی چین پاکستان اقتصادی راہداری میں شامل ہے۔
خیال رہے کہ کراچی سرکلر ریلوے کا ٹریک 20 سے زائد اسٹیشنز پر مشتمل اور 43 کلومیٹر طویل ہے، جس کے اطراف 5 ہزار سے زائد مکانات تعمیر ہیں۔ سرکلر ریلوے ٹریک کے اطراف میں مکانات اور بلند و بالا عمارتیں بھی موجود ہیں جبکہ ذرائع کے مطابق بڑی تعداد میں رہائشیوں کے پاس متعلقہ اداروں کے اجازت نامے اور لیز کی دستاویزات بھی موجود ہیں۔