اوپر سے لے کر نیچے تک پیپلز پارٹی اور ن لیگ بدعنوانی میں ملوث ہیں، خرم شیر زمان
کراچی: پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے صدر خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ ن لیگ اور پی پی رہنماؤں پر نیب کیس چل رہے ہیں، اوپر سے لے کر نیچے تک پیپلز پارٹی اور ن لیگ بدعنوانی میں ملوث ہیں، ایک رہنما کے مقدمے سے نظر ہٹاتے ہیں تو دوسرے کی طرف چلی جاتی ہے، آصف علی زرداری سے لے کر آغا سراج درانی اور نواز شریف تک سب نیب کے شکنجے میں ہیں۔ انہوں نے یہ باتیں پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہاؤس‘‘ کراچی سے جاری کردہ اپنے خصوصی بیان میں کہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مڈٹرم الیکشن میں کامیابی کے سہانے خواب دیکھنے سے فرصت ملے تو پی پی رہنما اپنے مقدمات کا بھی دفاع کریں، جھوٹ پیپلز پارٹی رہنماؤں کی رگوں میں خون کی طرح سرایت کر چکا ہے، عوام کے پیسے کو سندھ میں دونوں ہاتھوں سے بے دردی سے لٹایا گیا، پیپلز پارٹی کی بدعنوانی پر دستاویزات کی کتابیں بھری پڑی ہیں۔
خرم شیر زمان نے کہا کہ پی پی پی اور ن لیگ دونوں نے متفقہ طور پر نیب کے چیئرمین کی تعیناتی پر اتفاق کیا تھا، پھر کیوں دونوں ہی سیاسی پارٹیاں احتساب سے گھبرا رہی ہیں، پی پی اور ن لیگ نے گزشتہ 30 برسوں میں جو بویا، آج وہی کاٹ رہے ہیں، نیب کا شکنجہ پی پی اور ن لیگ رہنماؤں کی گردنوں کو سختی سے جکڑ چکا ہے، ان کا قانون کی گرفت سے بچنا محال ہے، سندھ میں مسلسل حکومت کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کو یہ گیارہواں سال سخت ترین سال محسوس ہوگا، ن لیگ بھی احتساب سے بچ نہیں سکتی، تحریک انصاف کی حکومت میں قانون نافذ کرنے والے ادارے آزاد ہیں، پی پی رہنما اب اپنے مقدمات سے پیچھا چھڑانے کی جتنی کوششیں کرلیں، جیل کی قید اور سخت سزائیں ان کا مقدر ہے۔