حماد صدیقی سمیت 5مفرور ملزمان کے ناقابل ضمانت وانٹ جاری
سندھ ہائیکورٹ میں سانحہ بلدیہ ٹاﺅن کیس کی سماعت ہوئی جہاں پولیس کی جانب سے چالان پیش کیا گیا ۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ایم کیو ایم تنظیمی کمیٹی کے سابق انچارج حماد صدیقی سمیت پانچ مفرور ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے 16ستمبر کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کرنے کا حکم سنا دیا ۔
مفرور ملزمان میں حماد صدیقی کے علاوہ سیکٹر انچارج رحمان عرف بھولا اور ادیب اقبال بھی شامل ہیں ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سے عدالت میں پیش کردہ چالان میں کہا گیا ہے کہ حماد صدیقی کے ایماءپر فیکٹری مالکان سے بھتہ طلب کیا گیا ، فیکٹری مالکان سے 25کروڑ روپے بھتہ اور منافع میں حصہ داری کا مطالبہ کیا گیا تاہم فیکٹری مالکان نے 1کروڑ روپے دینے پر رضا مندگی ظاہر کی تھی ۔
چالان میں مزید کہا گیا ہے کہ جے آئی ٹی کی سفارشات کی روشنی میں کیس میں دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں ۔ عدالت نے چالان کی روشنی میں حماد صدیقی سمیت پانچ مفرور ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ۔اس سے قبل کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے بھی مفرور ملزمان کے وانٹ گرفتاری جاری کیے تھے ۔
یاد رہے 11 ستمبر 2012کو بلدیہ ٹاؤن فیکٹری سانحہ میں 258 ورکر جل کر جاں بحق ہوئے تھے۔