سندھ

زرداری کی تقریر سے معلوم ہوا کہ وہ کتنے مایوس اور پریشان ہیں، خرم شیر زمان

کراچی: تحریک انصاف کراچی کے صدر اور رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی قیادت بدحواسی اور سراسیمگی کا شکار ہے، دوسروں کو بہادری کا درس دینے والے خود ایک نمبر کے بزدل ثابت ہوئے، زرداری کی تقریر سے معلوم ہوا کہ وہ کتنی مایوسی اور پریشانی کا شکار ہیں، ریت میں منہ چھپانے سے حقائق تبدیل نہیں ہوں گے، بلاول بھٹو کی تقریر حقائق کے برعکس تھی، پیپلز پارٹی کی کشتی بیچ منجدھار ڈوبتی دکھائی دے رہی ہے۔

گڑھی خدا بخش میں آصف زرداری اور بلاول بھٹو کی تقاریر پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ بدعنوانی کے ستائے ہوئے پاکستانی عوام کو مبارک ہو، الیکشن کمیشن نے آصف علی زرداری کے خلاف دی گئی درخواست کو ابتدائی سماعت کیلئے منظور کر لیا ہے، جعلی اکاؤنٹس پر جے آئی ٹی نے بھی سابق صدر مملکت آصف علی زرداری کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے، آصف زرداری 2 عدد بلٹ پروف گاڑیوں کے مالک ہیں، جنہیں انہوں نے اثاثوں میں ظاہر نہیں کیا، 2011ء  سے اب تک کی ویلتھ اسٹیٹمنٹ میں بھی اس کا ذکر نہیں۔

خرم شیر زمان نے کہا کہ آصف زرداری کو اپنی کرسی اور لوٹ کا پیسہ ہاتھوں سے جاتا نظر آرہا ہے، قرائن بتا رہے ہیں کہ جیل میں اگلی باری آصف علی زرداری کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو  کی شہادت کے دن بی بی کا ذکر نہ کرنا، اس کا ثبوت ہے کہ زرداری ہار مان چکے ہیں، یہ بات آصف علی زرداری کے ذہن میں ہو کر بھی کہیں دکھائی نہیں دی کہ ان کا خطاب بے نظیر بھٹو شہید کی برسی پر تھا۔

انہوں نے کہا کہ بی بی شہید کے جلسے میں حکومت سے بغاوت کا درس دیا گیا، اچھا ہوتا پی پی رہنما بے نظیر بھٹو کی تحسین پر زیادہ وقت صرف کرتے۔ خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ بدعنوانی پر نااہلی کے خوف نے پی پی رہنماؤں کی نیندیں حرام کر رکھی ہیں، اگر پی پی رہنما سچے ہیں، تو اپنی صداقت کا ثبوت دیں، تحریک انصاف بھی کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں چاہتی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close