کراچی کے علاقے لائنز ایریا میں فائرنگ، مہاجر قومی موومنٹ کا کارکن جاں بحق
کراچی: لائنز ایریا میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے مہاجر قومی موومنٹ کا کارکن جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ رات گئے پیش آیا، جہاں لائنز ایریا میں گھرکے باہر بیٹھے 30 سالہ حماد کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق مقتول مہاجر قومی موومنٹ کا کارکن اور کے ڈی اے کا ملازم تھا۔
جائے وقوع سے 9 ایم ایم کے 9 خول بھی برآمد ہوئے، جنہیں پولیس نے اپنی تحویل میں لے کر تحقیقات کا آغاز کردیا۔
دیگر واقعات میں 6 ملزمان گرفتار
دوسری جانب چنیسر گوٹھ میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث دو ملزمان آصف اور یحییٰ کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔
علاوہ ازیں یونیورسٹی روڈ پر سفاری پارک کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں اسٹریٹ کرمنل عزت خان کو بھی زخمی حالت میں ساتھی سمیت گرفتار کرلیا گیا اور ان کے خلاف مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں نے خفیہ اطلاع پر عیسیٰ نگری میں مبارک نامی گٹکا فروش کے کارخانے پر بھی چھاپہ مارا، جس کے دوران 30 من مضر صحت گٹکا، چھالیا، چونا پتی اور بیڑی کا پانی برآمد کرلیا گیا جبکہ 2 ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا۔