سندھ

تحریک انصاف سندھ میں ہارس ٹریڈنگ نہیں کرے گی، گورنر سندھ

کراچی: گورنر سندھ ڈاکٹر عمران اسماعیل نے ہارس ٹریڈنگ کو کرپشن جیسا برا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف سندھ میں ایسی کوئی کوشش نہیں کرے گی۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ ڈاکٹر عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ ہارس ٹریڈنگ کرپشن ہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہارس ٹریڈنگ نہیں ہونے دیں گے، کسی بھی صورت کوئی خرید و فروخت اور ہارس ٹریڈنگ نہیں ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف سندھ میں ہارس ٹریڈنگ کی کوشش نہیں کرے گی، اگر کوئی ہارس ٹریڈنگ کرے گا تو اس کو بھی پکڑا جائے گا۔

پیپلز پارٹی میں فارورڈ بلاک سے متعلق پوچھے گئے سوال پر عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ اگر پیپلز پارٹی میں فارورڈ بلاک بنتا ہے تو یہ اُن کا مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اپنے اُن ایم پی ایز کو سنبھالے جو فارورڈ بلاک بنانے جا رہے ہیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ پیپلز پارٹی والے فارورڈ بلاک کے حوالے سے ہماری طرف کیوں دیکھتے ہیں کہ ہم یہ کر رہے ہیں، یہ اپنے ان ایم پی ایز کو سنبھالیں جن سے انہیں خطرہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں یقین دہانی کراتا ہوں کہ تحریک انصاف ایسا کچھ نہیں کر رہی لیکن اگر پیپلز پارٹی کے لوگ ان سے الگ ہونا چاہتے ہیں یا فارورڈ بلاک بنانا چاہتے ہیں تو وہ خود سنبھالے۔ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ جیسے پارٹی لیڈر شپ کہے گی ویسے ہی کروں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاق اور صوبے کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کرنا چاہتا ہوں، وزیراعلیٰ سندھ کو کہا کہ آپ کے ساتھ مل کر چلنا چاہتا ہوں لیکن مراد علی شاہ کے رویئے سے دوری بڑھتی گئی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے کونسا کیس ان کے خلاف بنایا؟ عمران خان نے کونسا کا کیس بنایا ان کے خلاف بنایا؟ کیا چیئرمین نیب عمران خان نے لگایا؟ گورنر سندھ نے کہا کہ غلطیاں ہو سکتی ہیں مگر کرپشن کی کوئی گنجائش نہیں، اگر اِن ہاؤس کوئی پولیٹیکل موو ہوتی ہے تو میرے علم میں نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی رپورٹ میں بہت ساری چیزیں کھل کر سامنے آگئی ہیں۔ عمران اسماعیل نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی پوزیشن نہایت اہم ہے، اگر مراد علی شاہ اخلاقی طور پر سمجھتے ہیں تو استعفیٰ دے دیں، پیپلز پارٹی کو سوچنا چاہیئے کہ مراد علی شاہ کس طرح سے معاملات چلا پائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ بہت پیچھے رہ گیا گیا، سندھ میں کرپشن نہیں ہونے دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں کوئی غیر یقینی صورتحال پیدا نہیں ہو رہی، صرف جے آئی ٹی میں نام آیا ہے تو یہ کہہ رہے ہیں کہ ہم طبل جنگ بجا رہے ہیں۔ عمران اسماعیل نے کہا کہ آئی ٹی رپورٹس کے بعد سب کو ایسی بیماریاں لاحق ہو جاتی ہیں جن کا علاج یہاں ممکن ہی نہیں ہوتا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close