سندھ
سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کی عددی اکثریت کیا ہے اور یہ خواب دیکھ رہے ہیں، وزیراعلیٰ سندھ
کراچی: سندھ حکومت کے خاتمے اور صوبے میں گورنر راج سمیت صوبے میں وزیراعلیٰ کی تبدیلی کے مطالبے پر پیپلز پارٹی رہنما تحریک انصاف پر برس پڑے۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے تحریک انصاف کو آڑے ہاتھوں لیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کی عددی اکثریت کیا ہے اور یہ خواب دیکھ رہے ہیں، تحریک انصاف پہلے اپنے اراکین اسمبلی کو سنبھالے۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اراکین اپنے لیڈر کے بچگانہ پن کی وجہ سے نالاں ہیں، میں سمجھ رہا تھا کہ یہ لوگ سدھر جائیں گے، مگر یہ بھی کتے کی دم والی بات ہے جو سیدھی نہیں ہوگی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے نام ای سی ایل سے نکالے جانے کے سوال پر کہا کہ وفاقی کابینہ ای سی ایل سے نام نکالنے سے متعلق کیا فیصلہ کرتی ہے اس کا علم نہیں۔