سندھ

مہمند ڈیم کے ٹھیکے میں شفافیت کیلئے نیب کو مراسلہ لکھیں گے، مرتضیٰ وہاب

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ مہمند ڈیم کے ٹھیکے میں شفافیت برقرار رکھنے کے لیے قومی احتساب بیورو (نیب) کو مراسلہ لکھیں گے تاہم امید کرتے ہیں کہ حکومت اس پر اعتراض نہ اٹھائے۔

ڈان نیوز کے پروگرام ’نیوز آئی‘ میں گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ ’ڈیم کی تعمیرات کے لیے ڈبلیو ایف او اور ڈیسکون کا معاہدہ موجودہ حکومت نے ’تکنیکی‘ بنیاد پر ختم کیا اور ڈیسکون کے شیئر ہولڈز اور وزیراعظم کے مشیر عبدالرزاق داؤد کو ڈیم کی تعمیرکا ٹھیکہ دے دیا گیا‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’عبدالرزاق داؤد نے مشیر کا قلمدان سنبھالنے کے فوری بعد ہی پاک ۔ چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے منصوبوں کے معاہدوں پر تنقید شروع کردی تھی‘۔

ایک سوال کے جواب میں مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ’اپوزیشن ڈیم کے منصوبے کو شیلف کرنے کی حمایت نہیں کرتی لیکن تحریک انصاف ٹھیکے کی شفافیت کو عوام کے سامنے لانے کے لیے قومی احتساب بیورو سے رجوع کرے اور نیب چیئرمین کو ایک مہینے میں ٹھیکے میں مبینہ کرپشن کی رپورٹ پیش کرنے کا تقاضہ کیا جائے‘۔

‘حکومت کو مہمند ڈیم کے ٹھیکے کی تحقیقات پر کوئی اعتراض نہیں‘

پروگرام کے دوسرے مہمان اور وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا کہ ’پی پی پی کالا باغ ڈیم کی طرح مہمند ڈیم کو بھی متنازع بنا کر سرد خانے کی نظر کرنا چاہتی ہے، جو ناقابل قبول ہے‘۔

فیصل واوڈا نے عزم کا اظہار کیا کہ ’مہمند ڈیم کی تعمیر کا سلسلہ کسی بھی صورت نہیں رکےگا‘۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے واضح کیا کہ ’اپوزیشن جماعتیں ڈیم کی تعمیر سے متعلق ٹھیکے کی تحقیقات کے لیے پورے پاکستان میں سے کسی بھی ادارے کو بلا لے، حکومت کو کوئی اعتراض نہیں ہوگا‘۔

فیصل واوڈا نے واضح کیا کہ ’مراسلے کے خلاف حکومت کا اعتراض ناقابل فہم بات ہے‘۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’ہم پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) سمیت عوام کو قواعد و ضوابط کی روشنی میں جوابدہ ہیں لیکن ان کے باپ کے نوکر بن کر نہیں کریں گے‘

فیصل واوڈا نے زبان و بیان کی سختی سے متعلق کہا کہ ‘مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی کئی روز سے پارٹی قیادت کے خلاف غیر اخلاقی الفاظ استعمال کر رہے ہیں، گزشتہ روز نجی چینل پر بیٹھ کر انہوں نے خود کہا کہ ’اُن کا باپ بھی کرے گا‘۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے دونوں بیٹے اور سمدی اسحٰق ڈار مفرور ہیں اور شاہد خاقان عباسی ہمیں ایمانداری کا درس دیتے ہوئے پی اے سی کے سامنے پیش ہونے کا مطالبہ کررہے ہیں‘۔

واضح رہے کہ 30 دسمبر 2018 کو حکومت نے 2 جنوری کو ہونے والی مہمند ڈیم منصوبے کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کو منسوخ کردیا تھا۔

واٹر اینڈ پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) کے ترجمان نے تصدیق کی تھی کہ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار کے ہمراہ ڈیم منصوبے کے انعقاد کی تقریب کو منسوخ کردیا گیا ہے۔

ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’تقریب کو منسوخ کردیا گیا ہے اور نئی تاریخ کا ابھی حتمی فیصلہ نہیں ہوا ہے‘۔

خیال رہے کہ مہمند ڈیم پر تقریباً 300 ارب روپے کی لاگت آئے گی جس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ ملک میں پانی کی کمی کو پورا کرے گا۔

سپریم کورٹ کی جانب سے تفصیلی فیصلے میں کہا گیا تھا کہ ’ملک میں پانی کی قلت بڑھ رہی ہے اور پانی کے مزید ذخائر ہونا پاکستان کی عوام اور اس کی معیشت کے لیے انتہائی ناگزیر ہے‘۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Check Also
Close
Back to top button
Close