Featuredسندھ

ای سی ایل اور نیب سے نہیں ڈرتے، انتقامی سیاست کا مقابلہ کریں گے، بلاول بھٹو زرداری

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ای سی ایل اور نیب سے نہیں ڈرتے، انتقامی سیاست کا مقابلہ کریں گے، عمران خان تو کٹھ پتلی اور بے نامی وزیراعظم ہے۔ کوٹری میں جامشورو برج اور کوٹری فلائی اوور برج کے افتتاح کے موقع پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے گورنننس اور ڈلیوری کو ترجیح بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے تھر کے لوگوں کو روزگار اور پورے سندھ میں مفت طبی سہولت دی۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے صرف خدمت کی ہے، جس کا نتیجہ آج بھگت رہے ہیں۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو حکومت دھاندلی کی وجہ سے ملی، وہ ہم سے صاف شفاف الیکشن میں جیت نہیں سکتے، وہ کام اور خدمت میں ہمارا مقابلہ نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ سازش سے ہمیں نکالنے والے پہلے بھی ناکام ہوئے، اب بھی ناکام ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ کی عوام کے ساتھ سوتیلوں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے اور سندھ کے لوگوں کو پیپلز پارٹی سے محبت کی سزا دی جا رہی ہے۔

وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ عمران خان اصولوں کی سیاست سے پہلے اصول تو سیکھ لیں۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ میں امپائر کی انگلی چلتی ہے لیکن سیاست میں عوام کی مرضی چلتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اصولوں کی سیاست کا دھوکا دے کر عوام کے ووٹ چوری کئے، آپ نے اقتدار حاصل کرلیا لیکن قوم کا وقار قائم نہیں رکھ سکے، حکومتی عہدے حاصل کرلئیے لیکن ان کی پاسداری نہ کر سکے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ تحریک انصاف نے جتنے دعوے کئے سب فراڈ نکلے، قسمیں ہوا میں اڑ گئیں، حکومت کے سبز باغ عوام کے لئے کانٹوں کا ہار بن گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی روپیہ پیچھے جا رہا ہے اور معیشت کمزور ہوگئی ہے، عوام مہنگائی کی سونامی میں ڈوب گئے ہیں اور غریبوں کے چولہے ٹھنڈے ہو رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نیا روزگار نہیں مل رہا جب کہ پہلے سے موجود روزگار پر حملے ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 50 لاکھ گھر دینے والوں نے لوگوں کے سر سے چھت چھین لی، آج گیس آرہی ہے اور نا ہی سرمایہ کاری لیکن حکومتی وزیروں کی دیدہ دلیری دیکھیں کہتے ہیں مہنگائی کم ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کی آنکھوں پر غرور کی پٹی ہے، ان کا دماغ طاقت کے نشے میں اور دل بے حسی سے پتھر ہو چکا ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ ملک کو 80 فیصد گیس دیتا ہے لیکن سندھ کو گیس سے محروم کردیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے ترقیاتی فنڈز روک لئے گئے ہیں جس کے باعث ترقی کا عمل متاثر ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام کو کس بات کی سزا دی جا رہی ہے، سندھ کے عوام کو دیوار سے کیوں لگایا جا رہا ہے، صرف اس لئے کہ لوگوں نے ووٹ چوری نہیں ہونے دیئے، صرف اس لئیے کہ کٹھ پتلیوں کو ووٹ نہیں دیا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ ہمارے صبر کا امتحان نہ لو، تم سے پہلے بھی فرعون آئے، ان فرعونوں کے انجام سے سبق سیکھو، اگر تم باز نہ آئے تو تمہیں بتائیں گے ووٹ چوری کا بدلہ کیسا ہوتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو پگڑیاں اچھالنے کے علاوہ کچھ نہیں آتا، کانٹوں کی جھاڑیوں سے دامن تار تار ہو سکتا ہے سایہ نہیں مل سکتا۔ چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ افلاطونی حکومت کو یہ نہیں معلوم ہوسکا کہ روپے کی قیمت کیوں کم ہوئی، حکومت انڈوں اور مرغیوں سے فارن ایکسچینج بڑھانے کی بات کرتی ہے، حکومت کو یہ نہیں پتا کہ ایک دن میں 500 ارب کا قرضہ کیسے چڑھا۔

ان کا کہنا تھا کہ قرض پر خودکشی کرنے کا کہنے والے قرض ملنے پر مٹھائی تقسیم کر رہے ہیں، ہم کٹھ پتلیوں کو نہیں مانتے۔ منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات کے لئے بنائی گئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ کسی جعلی جھوٹی جے آئی ٹی کو نہیں مانتے۔ ان کا کہنا تھا کہ ای سی ایل اور نیب سے نہیں ڈرتے، ہم انتقامی سیاست کا مقابلہ کریں گے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close