Featuredسندھ

سندھ میں تبدیلی کیلئے تحریک انصاف دوبارہ سرگرم، رابطوں میں تیزی پیدا کردی

کراچی: سندھ میں تبدیلی کیلئے تحریک انصاف نہ صرف پھر سرگرم ہوگئی ہے بلکہ رابطوں میں بھی تیزی پیدا کردی ہے۔ صورتحال نے حکمران جماعت پیپلز پارٹی کو پریشانی میں مبتلا کردیا کہ آصف زرداری نے بھی جوابی حکمت عملی تیار کرتے ہوئے جیالے رہنماؤں پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کردی۔ اطلاعات کے بعد سندھ حکومت کی تبدیلی کیلئے تحریک انصاف نے سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت کو زچ کرنے کیلئے پیپلز پارٹی کے ناراض رہنماؤں اور ارکان قومی و سندھ صوبائی اسمبلی سے رابطے تیز کردیئے ہیں۔

پی ٹی آئی سندھ کے صدر امیر بخش بھٹو، وفاقی وزیر محمد میاں سومرو، سید ناصر حسین شاہ کے بھتیجے سید طاہر حسین شاہ اور سینئر رہنما عبدالرزاق باجوہ نے پیپلز پارٹی کے ناراض رہنماؤں اور ارکان اسمبلی سے ابتدائی مذاکرات مکمل کرلئے ہیں۔ امیر بخش بھٹو کے اندرون سندھ دورے کے دوران پیپلز پارٹی کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور اہم رہنماؤں سے رابطے جاری ہیں۔

بتایا جاتا ہے کہ ضلع گھوٹکی سے راجہ خان مہر، ٹھٹھہ کے شیرازی برادران، جیکب آباد سے ڈاکٹر سہراب سرکی، کشمور سے سلیم جان مزاری، لاڑکانہ سے میر نادر خان مگسی، جامشورو سے ملک اسد سکندر سمیت متعدد رہنماؤں اور ارکان اسمبلی نے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ پیپلز پارٹی میں فاروڈ بلاک کیلئے پیش بندی جارہی ہے۔

ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری نے بھی جوابی حکمت عملی تیار کرلی ہے اور جیالے رہنماؤں کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی ہے جبکہ آصف علی زرداری کے اندرون سندھ دوروں اور جلسے جلوس کرنے کو بھی اسی پس منظر میں دیکھا جارہا ہے، وہ جوابی وار کرنے کی تیاری کررہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ فنکشل کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھایا تھا مگر وہاں سے مثبت جواب نہیں ملا جس کے بعد پیپلز پارٹی نے ایم کیو ایم پاکستان بہادر آباد گروپ سے بھی رابطے کئے۔

اس ضمن میں رابطہ کرنے پر پی ٹی آئی کے عبدالرزاق باجوہ نے بتایا کہ سندھ میں مخلوط حکومت بننے جارہی ہے جس میں پیر پگارا، مہر گروپ، ایم کیو ایم، پی ٹی آئی، آزاد ارکان شامل ہوں گے جبکہ ٹی ایل پی کے 3 ارکان اسمبلی بھی نئی بننے والی حکومت کا حصہ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں تبدیلی کی ہوا چل پڑی ہے اور بہت جلد سندھ میں مخلوط حکومت قائم ہوگی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close