کراچی: پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ نظریہ پر پختہ اردہ ہو تو دنیا کو کوئی بھی طاقت اس نظریہ کو پھیلنے سے نہیں روک سکتی ہے، وہ نظریہ اپنی منزل و مقصود پر ضرور پہنچتا ہے لہذا پی ایس پی کا نظریہ درحقیقت مظلوم عوام کی ترجمانی کا نام ہے، پی ایس پی کا نظریہ امن کا محبت کا اور فلاح کا نظریہ ہے کیونکہ محبت اور اخلاص انسانوں کے دلوں میں جگہ بناتا ہے اور نفرت اور تعصب زدہ انسانوں کو تباہ و برباد کر دیتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لانڈھی پی ایس 94 کے مرکزی الیکشن آفس میں منعقدہ جنرل ورکرز اجلاس کے شرکاء سے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر پی ایس پی کے صدر انیس قائم خانی اور مرکزی قائدین سمیت کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
انہوں نے کہا کہ کراچی جو پورے پاکستان کو پالتا ہے وہ آج بنیادی سہولیات سے محروم ہے، حالیہ مردم شماری میں کراچی کی آبادی ستر لاکھ کم ظاہر کی گئی ہے، اس کے باوجود بھی اس شہر کے لئے کوئی آواز اٹھانے والا نہیں ہے، کراچی کی نمائندہ جماعتوں نے اپنے مفادات کی تکمیل کے خاطر آج کراچی کو کچرا کنڈی میں تبدیل کر دیا ہے، اوپر سے تجاوزات کے خاتمے کی آڑ میں کراچی کی دوکانوں اور مکانوں کو مسمار کرکے لاکھوں لوگوں کو بے روزگار کردیا گیا ہے، جس وجہ سے لوگ فاقہ کشی پر مجبور ہوگئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں بسنے والے تمام قومیتوں اور رنگ و نسل کے لوگ پیار محبت اور بھائی چارگی چاہتے ہیں، بعض قوتوں نے اپنے ذاتی مفادات اور اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کی خاطر مختلف قومیتوں کے درمیان نفرتیں پیدا کرکے آپس میں تکرار پر مجبور کر رکھا ہے، جو ملک و قوم کیلئے کسی طرح بھی سود مند ثابت نہیں ہوسکتا۔
انہوں نے کہا کہ نفرتیں پیدا کرنے والے کبھی کسی بھی قوم سے مخلص نہیں ہوسکتے کیونکہ ان کا مقصد امن آشنیٰ نہیں بلکہ نفرتیں پھیلانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب کسی کو نفرت کی سیاست نہیں کرنے دینگے، ہم نے نفرت کی سیاست کو دفنا دیا ہے، ہم کسی سے سیاسی اختلاف تو رکھ سکتے ہیں مگر اس سے دشمنی نہیں رکھیں گے، سبز ہلالی پرچم کو ماننے والا چاہے کسی بھی قومیت و مذہب سے تعلق رکھتا ہو ہمارا بھائی ہے، اس لئے تمام باطل قوتیں پی ایس پی سے خوفزدہ ہیں۔