پیپلز پارٹی کا نعرہ تھا ہر گھر سے بھٹو نکلے گا لیکن آج ہر گھر سے جعلی اکاونٹ نکل رہا ہے، حلیم عادل شیخ
کراچی: تحریک انصاف کے سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر و جنرل سیکریٹری پی ٹی آئی سندھ حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کا نعرہ تھا ہر گھر سے بھٹو نکلے گا لیکن آج ہر گھر سے جعلی اکاونٹ نکل رہا ہے، ہر گھر سے بھٹو نکلے کا وہ نعرہ تبدیل ہوچکا ہے، اب یہ نعرہ ہے تم کتنے جعلی اکاؤنٹ بند کراؤ گے ہر بینک سے جعلی اکاؤنٹ نکلے گا، آج پوری قوم آپ سے ضر ور جواب مانگے گی۔ سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ سندھ حکومت کو اپنا کام کرنا نہیں ہے، کہتے ہیں ہم سے کام کراؤ ہمیں چوری نہیں آتی، ہمیں جعلی اکاؤنٹ کھولنے نہیں آتے، ہمیں اومنی گروپ کو سپورٹ کرنا نہیں آتا، آپ کہہ رہے ہیں کہ ملک ڈوب رہا ہے مگر آپ لوگوں نے تو سندھ کو ڈبو دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تھرپارکر میں 750 آر او پلانٹ لگائے گئے تھے جو بند پڑے ہیں، وزیراعلیٰ نے اپنا حلقہ ڈبو دیا عوام کو سہولیات تک میسر نہیں، 51 بچے رواں ماہ میں تھرپارکر میں فوت ہوچکے ہیں، خزانے کی کنجی وزیراعلیٰ کے پاس ہے، سارا بجٹ عوام کے بجائے کرپشن کی نذر ہوگیا، اب نیا پاکستان بننے کا دور ہے کچھ نہیں ٹوٹے گا اور نہ ہی عوام کو انکے حق سے محروم کیا جائے گا، پاکستان کھپے کا نعرہ لگانے والوں کو عوام کے لئے سوچنا چاہیئے۔
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ اب وہ وقت ختم ہوچکا ہے جہاں پاکستان میں رہ کر کوئی بھی یہ نعرہ نہیں لگا سکتا ہے کہ پاکستان نہ کھپے، ساہیوال میں فوری طور پر جی آئی ٹی بنی ہے اور رپورٹ آرہی ہے، اس شہر میں زرداری کے بہادر کے بچے راؤ انوار نے سینکڑوں بے گناہ لوگوں کا قتل کیا مگر زرداری اس کو سپورٹ کرتے رہے، مرتضیٰ بھٹو کو بھی ان کی حکومت میں قتل کیا گیا، شاہراہ فیصل پر مقصود کو قتل کیا گیا، معصوم بچی امل کا کیا قصور تھا جسے صوبہ سندھ میں پولیس گردی کا شکار کیا گیا مگر سندھ حکومت نے کوئی ایکشن نہیں لیا، آپ سندھ پولیس کو کہتے رہے کہ ہمارے بہادر بچے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ساہیوال کا واقعہ قابل برداشت نہیں ہے، ورثاء کو مکمل انصاف ملے گا، عمران خان کرپشن اور کرپٹ لوگوں کے خلاف جہاد کر رہے ہیں، سندھ میں اربوں روپے کی کرپشن کی گئی، اب احتساب ہورہا ہے تو وزیراعلیٰ سندھ کہتے ہیں کہ پکڑ دھکڑ چھوڑ دی جائے، شریف چور جب جیل میں جاسکتے ہیں تو دوسرے چوروں کو نہیں چھوڑیں گے، جی آئی ٹی ہم نے نہیں بنائی سپریم کورٹ نے بنائی تھی، ادارے اپنا کام کر رہے ہیں ان کو کام کرنے دیا جائے، ملک کو ان چوروں سے پاک کریں گے۔