Featuredسندھ

گورنر سندھ سازشوں سے باز رہیں اور این ایف سی ایوارڈ کے مسئلے پر صوبے کی مدد کریں، مرتضیٰ وہاب

کراچی: سندھ کے مشیر اطلاعات و نشریات اور قانون و اینٹی کرپشن بیرسٹر مرتضی وہاب نے خبردار کیا ہے کہ گورنر سندھ سازشوں سے باز رہیں، گورنر سندھ کو چاہیئے کہ وہ این ایف سی ایوارڈ کے مسئلے پر صوبے کی مدد کریں، گورنر سمیت سب آئین و قانون کے تابع ہیں اور گورنر کا عہدہ سیاسی نہیں ہے لہذا وہ اپنا آئینی کردار ادا کریں، گورنر سندھ صوبائی حکومت کی ایڈوائس پر کام کرنے کے پابند ہیں۔ ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے مرتضی وہاب نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کو مشورہ دیا کہ وہ بجلی اور گیس لوڈشیڈنگ کی بندش پر صوبے کی مدد کریں۔ انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کا نام لئے بغیر کہا کہ سیاسی طور پر متحرک ہونا ہر سیاسی جماعت کا حق ہے لیکن ضروری ہے کہ وہ کام کے لئے متحرک ہو اور سازش کرنے کے لئے متحرک نہ ہو۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ماضی میں بھی ایک ٹارزن یہاں آئے تھے سندھ حکومت گرانے کے لئے لیکن ناکامی ان کا مقدر بنی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ عوام کے ووٹوں سے آئی ہے اور یہ کوئی خریدی ہوئی حکومت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ سازشوں کے باوجود قائم ہے اور اپنا بھرپور کردار بھی ادا کررہی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو سخت نکتہ چینی کا نشانہ بناتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پی ٹی آئی کی غلطی نہیں بلکہ کوئی پالیسی ہی نہیں ہے، گزشتہ چھ میں ماہ میں ہم نے جو کچھ دیکھا ہے تو اس سے لگتا ہے کہ وفاقی حکومت کنفیوژن کا شکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے نہ کوئی معاشی پالیسی دی ہے اور نہ ہی اس کی کوئی سیاسی پالسی ہے بلکہ یہ ایجنڈا لیس حکومت ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو مشکلات سے نکالنے کے لئے چونکہ ان کے پاس کوئی پالیسی نہیں ہے، اس لئے صرف میڈیا پر بیٹھ کر سیاسی بیان بازی کرتے ہیں، وفاقی حکومت کے دوستوں سے درخواست کرتا ہوں کہ عوام کے مسائل کے حل میں سنجیدہ ہوجائیں۔ سندھ کے مشیر قانون نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کو یہ بات سمجھنی چاہیئے کہ وہ اپوزیشن میں نہیں بلکہ حکومت میں ہے، اب وہ گدھوں اور انڈوں کی فارمنگ سے باہر نکلے۔

بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ پی ٹی آئی سازشیں بند کرے، جیسے تیسے اقتدار مل گیا ہے تو وفاق اور پنجاب میں اپنے اقتدار کی فکر کرے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے حلیف تک آپ کی پالیسیوں کی وجہ سے نالاں ہیں تو کہیں ایسا نہ ہو کہ آپ خود سازش کا شکار ہوجائیں، عوام نے آپ کو ووٹ سازش کے لئے نہیں بلکہ خدمت کے لئے دیا ہے، دال کھاتے ہوئے تصاویر بنوانا اور قطار میں کھڑے ہونے کی شعبدے بازیاں کرنا بند کردیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close