سندھ حکومت کو کراچی کی عوام کی کوئی فکر نہیں ہے، حلیم عادل شیخ
کوٹری: تحریک انصاف کے سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ نے کوٹری پہنچ کر پانی کے ٹریٹمنٹ پلانٹ کا دورہ کیا، ٹریٹمنٹ پلانٹ میں بدستور گندگی کے ڈھیر اور بدبودار پانی کی کے بی فیڈر میں سپلائی جاری ہے، سندھ حکومت کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے کوٹری اور گرد و نواح کے گٹروں اور فیکٹریوں کا گندا زہریلا پانی ڈائریکٹ کے بی فیڈر میں سپلائی کیا جارہا ہے، جو کینجھر سے ہوتا ہوا کراچی کی عوام تک پہنچتا ہے۔ پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ نے دورے کے دوران میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اربوں روپے بجٹ لگانے کے باوجود بھی کوٹری ٹریٹمنٹ پلانٹ فائدہ مند نہیں ہوسکا ہے، کے بی فیڈر میں گٹروں کا پانی سپلائی کیا جارہا ہے جو کراچی کی شہریوں کو دیا جاتا ہے، سندھ حکومت شہریوں کو گٹر کا پانی پلانے کی ذمہ دار ہے، واٹر کمیشن کے معزز سربراہ امیر مسلم ہانی کے دوروں کے باجود وہی پانی عوام کو دیا جارہا ہے۔
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ ایک ارب سے زیادہ کی مالیت کا ٹریٹمنٹ پلانٹ ناکارہ ہوا پڑا ہے، گندا پانی ٹریٹمنٹ پلانٹ میں جانے کے بجائے ڈائریکٹ کی بی فیڈر میں جارہا ہے، کوٹری کے گٹروں اور فیکٹریوں کا گندا پانی عوام بھیجا جاتا ہے، گندے پانی کی وجہ سے مختلف موذی امراض میں اضافہ ہورہا ہے، سندھ حکومت کراچی کی عوام کے لئے کام کرنے میں سنجیدہ نہیں ہے، حکمرانوں کے گھروں میں منرل واٹر پیا جاتا ہے اور شہریوں کو گٹروں کا پانی دیا جارہا ہے، سندھ کے حکمرانوں نے عوام سے صاف پینے کے پانی کا حق بھی چھین لیا ہے، گندا پانی جو کے بی فیڈر میں جاتا ہے وہی پانی کینجھر جھیل سے ہوتا ہوا کراچی کے شہریوں پلایا جاتا ہے۔