بھارتی دھمکیوں کے خلاف ایم کیو ایم پاکستان کا کراچی پریس کلب پر احتجاج
کراچی: پلوامہ حملے کے بعد بھارت کی جانب سے دی جانے والی دھمکیوں کے ایم کیو ایم پاکستان نے کراچی پریس کلب پر احتجاج کیا اور کشمیر میں بھارتی جارحیت کی مذمت کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی پریس کلب پر ایم کیو ایم پاکستان نے بھارتی دھمکیوں کے خلاف احتجاج کیا اور مودی کی ہٹ دھرمی، بھارتی ہرزہ سرائی کے خلاف نعرے بازی کی گئی، احتجاج میں کارکنان، عوام، دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں نے کہا کہ بھارت جان لے کشمیر پاکستان کا اٹوٹ انگ ہے، ہم قوم ملک کے دشمنوں کے خلاف متحد ہیں، امن کی ہر کوشش کو ہم سراہتے ہیں، بھارت کو متنبہ کرتے ہیں ہماری امن کی کوششوں کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ رؤف صدیقی نے کہا کہ ایک لاکھ سے زائد کشمیریوں کو شہید اور گرفتار کیا گیا، بھارت نہتے کشمیریوں پر ظلم و ستم بند کرے، بھارتی جارحیت کی پرزور مذمت کرتے ہیں، کشمیر کا مسئلہ مذاکرات سے حل ہوسکتا ہے۔
کنور نوید جمیل نے کہا کہ ہمیں معلوم ہے ہماری افواج پاکستان کے دفاع کی بھرپور حفاظت کرسکتے ہیں، ہم فوج کے شانہ بشانہ ہر جنگ کے لیے تیار ہیں اور انشا اللہ جب ضرورت پڑے گی ہمارا ہر نوجوان فوج کے شانہ بشانہ سرحدوں پر موجود ہوگا، ہندوستان کی متعصب حکومت اور افواج کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ تم پاکستان سے بڑے بھی ہوجاو تو پاکستان کے قدموں کے نیچے ہی رہو گے۔
کنور نوید جمیل نے قرارداد بھی پیش کی جس میں کہا گیا کہ یہ مظاہرہ بھارت کی ہٹ دھرمی کی مذمت کرتا ہے، بھارت کو متنبہ کرتے ہیں ہماری امن کی کوششوں کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور مسلح افواج بھارت کے ہر قسم کے عزائم کو جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں، اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ بھارت کی جارحیت اور کنٹرول لائن پر جاری بربریت کا نوٹس لے۔